عید کی تعطیلات میں متحدہ عرب امارات کے معاشی وفد کی پاکستان آمد، وزیراعظم سے ملاقات کا اعلامیہ جاری

3  مئی‬‮  2022

پاکستان اور متحدہ عرب امارات نے تجارت، توانائی، انفراسٹرکچر، پٹرولیم سمیت دیگر اہم شعبوں میں دوطرفہ معاشی تعاون مضبوط بنانے پر اتفاق کیا ہے۔

لاہور – (اے پی پی): وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری مشترکہ اعلامیہ کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف کے دورہ متحدہ عرب امارات کے تسلسل میں متحدہ عرب امارات کے معاشی وفد نے منگل کو کو پاکستان کا اہم دورہ کیا اور وزیراعظم شہباز شریف  سے ملاقات کی۔

وزیراعظم شہباز شریف نے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے انہیں عیدالفطر کی مبارکباد دی اور عید کی تعطیلات میں پاکستان آمد پر ان کا شکریہ ادا کیا۔ وزیراعظم محمد شہباز شریف نے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ حکومت پاکستان متحدہ عرب امارات کے ساتھ اپنے برادرانہ تعلقات کو انتہائی اہمیت دیتی ہے اور خاص طور پر معاشی محاذ پر ان تعلقات کو بلندیوں کی ایک نئی سطح پر لے جانے کی خواہشمند ہے۔

وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ عید الفطر کی تعطیلات میں معاشی وفد کی آمد متحدہ عرب امارات (یو اے ای) کی حکومت کی پاکستان میں سرمایہ کاری کرنے میں گہری دلچسپی کا مظہر ہے۔ پاکستان متحدہ عرب امارات کے اس برادرانہ طرز عمل کا تہہ دل سے خیر مقدم کرتا ہے اور امارات کے بھائیوں کی پاکستان میں خاطر خواہ اور نمایاں سرمایہ کاری میں گہری دلچسپی کو خوش آمدید کہتا ہے۔

ملاقات میں فریقین نے تجارت، توانائی، انفراسٹرکچر، پٹرولیم سمیت دیگر اہم شعبوں میں دوطرفہ معاشی تعاون مضبوط بنانے پر اتفاق کیا۔ فریقین نے سرمایہ کاری اور تجارت سے متعلق دونوں ممالک کی قیادت کے فیصلوں پر عمل درآمد کے لئے قریبی رابطے برقرار رکھنے پر اتفاق کیا۔

سب سے زیادہ مقبول خبریں






About Us   |    Contact Us   |    Privacy Policy

Copyright © 2021 Sabir Shakir. All Rights Reserved