یوکرین سے مذاکرات کے لیے تیار ہیں، پیوٹن کی فرانسیسی ہم منصب سے گفتگو

4  مئی‬‮  2022

روس کے صدر ولادیمیر پیوٹن اور اُن کے فرانسیسی ہم منصب ایمانوئیل میکرون کا گزشتہ روز ٹیلی فون پر رابطہ ہوا ہے جس دوران دونوں رہنماؤں نے تقریباً دو گھنٹے بات چیت کی۔

روسی خبر رساں ایجنسی تاس کے مطابق صدر پیوٹن نے صدر میکرون کو بتایا کہ اُنہوں نے یوکرین کو مذاکرات کے اصولی طریقِ کار کا خاکہ پیش کیا ہے اور وہ یوکرین حکومت کی عدم مطابقت اور عدم سنجیدگی کے باوجود اس سے بات چیت کے لیے تیار ہیں۔

تاس کے مطابق صدر پیوٹن نے مغربی اتحادیوں سے مطالبہ کیا کہ وہ یوکرین کو ہتھیاروں کی فراہمی کا سلسلہ بند کر دیں۔ یاد رہے کہ دونوں رہنماؤں نے اس سے قبل 29 مارچ کو بات چیت کی تھی۔

اُدھر یوکرین حکومت کے مطابق روس نے اُس کے مشرقی علاقوں میں فوجی کارروائیاں تیز کر دی ہیں۔ ڈونیسک خطے کے گورنر نے بتایا کہ گزشتہ روز مشرقی یوکرین پر روسی حملوں میں کم از کم 21 شہری ہلاک اور 27 دیگر زخمی ہوئے۔

ڈونیسک کے گورنر پاؤلو کرائلینکونے ٹیلی گرام پر بتایا کہ اودیویکا کوک پلانٹ پر روسی فوج کی گولہ باری کے نتیجے میں کم از کم 10 افراد ہلاک اور 15 زخمی ہوگئے۔

یہ کوک پلانٹ یورپ کے سب سے بڑے کوک پلانٹس میں سے ایک ہے۔ حالیہ برسوں کے دوران یوکرینی فوج کے ساتھ محاذ آراء روسی حمایت یافتہ علیحدگی پسند فوج اس پلانٹ کو اکثر نشانہ بناتی رہی ہیں۔ واضح رہے کہ کوک کو بالخصوص لوہے کو پگھلانے اور دیگر صنعتوں میں بطور ایندھن استعمال کیا جاتا ہے۔

ڈونیسک کے گورنر کرائلینکو کے مطابق ایک ماہ قبل کراماٹورسک شہر میں ایک ریلوے اسٹیشن پر روسی حملے میں 59 افراد کی ہلاکت کے بعد سے ایک دن میں روسی فوجی کارروائیوں میں یہ ہلاکتوں کی سب سے زیادہ تعداد ہے۔

سب سے زیادہ مقبول خبریں






About Us   |    Contact Us   |    Privacy Policy

Copyright © 2021 Sabir Shakir. All Rights Reserved