عمران خان کے خلاف بیرونی سازش نہیں ہوئی، وہ خود پاکستان کے خلاف ایک سازش ہیں، وزیر خزانہ

4  مئی‬‮  2022

وفاقی وزیرخزانہ مفتاح اسماعیل نے کہاہےکہ عمران خان کی حکومت نے آئی ایم ایف سےملکی مفادات کے خلاف وعدے کئے اور وہ معاشی سطح پر بارودی سرنگیں بچھا کر گئے،عمران خان کےخلاف کوئی بیرونی سازش نہیں ہوئی وہ خود پاکستان کےخلاف ایک سازش ہے،پاکستان مسلم لیگ ن کراچی کی ترقی پر خصوصی توجہ دے رہی ہے۔

کراچی – (اے پی پی): کراچی میں  پریس کانفرنس اور بعد ازاں مسلم لیگ ن کے ورکرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل نےکہاکہ معاشی سطح پر مشکل ترین حالات ملنے کےباوجود وزیراعظم شہباز شریف بضد ہیں کہ عوام کی توقعات کےبرخلاف کوئی اقدام نہیں کرنا ہے اور ملک کی معیشت کو ٹھیک کرنےکےساتھ ساتھ عوام کو روزگار فراہم کرنا ہماری حکومت کی اولین ترجیح ہے۔

مفتاح اسماعیل نے کہاکہ عمران خان کی حکومت میں روز مرہ کی اشیاء کی قیمتوں میں بیش بہا اضافہ ہوا جبکہ ہماری حکومت کے آ نے کے بعد ہوش روبا مہنگی چیزوں کی قیمتوں کو کم کرنا عوامی خدمت ہے ۔وفاقی وزیر خزانہ نےکہاکہ بیرونی سازش کا راگ لاپ نےوالے آج کس منہ سے مغربی ممالک کا رخ کررہے ہیں ۔صحافیوں کے سوال کا جواب دیتے ہوئے انہوں نےکہاکہ وزیراعظم شہباز شریف نے وعدےکے مطابق بجلی کی لوڈ شیڈنگ ختم کی اور چند ہی دنوں میں بند پلانٹس کو کھلواکر عوام کو لوڈ شیڈنگ سےنجات دلائی ۔انہوں نے کہاکہ سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات کا وزیراعظم شہباز شریف کا وفد ہمراہ دورہ انتہائی کامیاب رہا اور اس کے دور رس ثمرات مرتب ہوں گے ۔

بعد ازاں پاکستان مسلم لیگ ن کےورکرز کنونشن سے خطاب کرتےہوئے وفاقی وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل نےکہاکہ ورکرز عوامی رابطہ کو فروغ دیں اور پاکستان مسلم لیگ ن کے اچھے کاموں کو اجاگر کریں ۔ انہوں نےکہاکہ پی ایم ایل این کراچی کی ترقی پر خصوصی توجہ دے رہی ہے ۔مفتاح اسماعیل نےکہاکہ اپنے قائد نواز شریف اور شہباز شریف کی جانب سے وزارت خزانہ کی اہم زمہ داری دینے پر مشکور ہوں اور اپنی بھرپور صلاحیتیں ملک کی خدمت کے لیے وقف کروں گا۔انہوں نےکہاکہ حکومت میں آنے کے بعد سب ہمارےلیے برابر ہیں جبکہ اصل کوشش ملک کی معیشت کو ٹھیک کرنا ہے۔

اس سےقبل پاکستان مسلم لیگ ن کے رہنماوں علی اکبر گجر اور دیگر نےکہاکہ وزیراعظم شہباز شریف کی قیادت میں ملک ترقی کی راہ پر گامزن ہوگا جبکہ کراچی میں بھی گرین لائن کے ساتھ ساتھ مزید منصوبوں کی ضرورت ہے جس کے لیے مفتاح اسماعیل وفاقی حکومت کے ساتھ پُل کا کردار ادا کریں گے ۔

سب سے زیادہ مقبول خبریں






About Us   |    Contact Us   |    Privacy Policy

Copyright © 2021 Sabir Shakir. All Rights Reserved