وفاقی وزیراطلاعات مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ عمران خان کی جانب سے غیر ملکی سازش کی گردان دراصل گوگی بچاؤ تحریک ہے۔
اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ چار سال تک وزارت عظمیٰ کی کرسی پر مسلط شخص نے کارٹلز مافیاز کی سربراہی کی، اپنی نااہلی اور لوٹ مار سے ملکی معیشت کو نقصان پہنچایا، آج اقتدار کی کرسی سے اترنے کے بعد وہ صرف اور صرف فرح گوگی کو بچانے کی تحریک چلا رہے ہیں، اسے عوام سے کوئی سروکار نہیں۔ مریم اورنگزیب نے کہا کہ آج اڑھائی ہفتے گذر جانے کے بعد عمران خان صرف فرح گوگی بچاؤ تحریک کا ترجمان بنا ہوا ہے جبکہ کرائے کے ترجمان جو پہلے کہتے تھے کہ ہمارا فرح گوگی سے کوئی تعلق نہیں،آج صبح، دوپہر شام قطاروں کے ساتھ فرح گوگی کی ترجمانی میں مصروف ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ہر روز صبح 9 بجے پہلا بیان فرح گوگی کی کرپشن بچاؤ تحریک کے حق میں آتا ہے، پھر ہر گھنٹے بعد فرح گوگی کی کرپشن کو بچانے کی تحریک کے حق میں بیانات آتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان نے اپوزیشن پر جھوٹے الزامات اور جھوٹے کیسز بنائے اور انہیں جیلوں میں ڈالا، پارلیمان اور میڈیا کی زبان بندی کی، چار سال تک وہ لوٹ مار کر کے قومی خزانے کو نقصان پہنچاتے رہے، چینی، بجلی، گیس اور دوائیوں میں لوٹ مار کی اور اب وہ بیرون ملک سازش کی گردان لے کر بیٹھے جو درحقیقت گوگی بچاؤ تحریک ہے۔انہوں نے کہا کہ عمران خان کے جلسوں کا شیڈول بھی گوگی کو بچانے کے لئے دباؤہے۔
مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ فرح گوگی کے ہاتھوں پنجاب میں دونوں ہاتھوں سے لوٹ مار ہوئی، پاکستان کے عوام کو لوٹا گیا، جن افسران کے ذریعے پیسے کمائے گئے اس کی تفصیل بھی آ چکی ہے۔ انہوں نے کہا کہ فرح گوگی کو بچانے کے لئے انہوں نے بیرون ملک سازش کا ڈھونگ رچایا، تماشا لگایا لیکن پاکستان کے عوام ان کے ڈرامے کو سمجھ چکی ہے کہ یہ تماشا صرف اور صرف فرح گوگی کو بچانے کے لئے ہے۔ وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ اب یہ تماشا نہیں چلے گا، الزامات کی گردان بند ہونی چاہئے۔