مسلم لیگ ن نے فرح خان گوگی سے وطن واپس آ کر منی ٹریل پیش کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔
پاکستان مسلم لیگ (ن) کے ڈپٹی سیکریٹری جنرل عطا اللہ تارڑ نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان کی حکومت نے ایمنسٹی اسیکم کے ذریعے فرح گوگی کو 32 کروڑ روپے کا کالا دھن سفید کرنے میں مدد فراہم کی۔
انہوں نے کہا کہ گذشتہ 3 برسوں میں فرح گوگی کے اثاثے 21 کروڑ روپے سے بڑھ کر 85 کروڑ روپے ہوگئے اور یہ پیسے انہوں نے پنجاب میں ٹرانسفر پوسٹنگ کے ذریعے عثمان بزدار کی مبینہ مدد سے حاصل کئے۔عطا تارڑ نے کہا کہ عمران خان نے فرح گوگی کے دفاع کی کوشش کی جس سے صاف پتا چلتا ہے کہ یہ کس کی بے نامی جائیداد ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ جب عمران خان نے دیکھا کہ وہ اقتدار کھو رہے ہیں تو انہوں نے فرح گوگی کو ملک سے بھگادیا، وزارت داخلہ فرح گوگی کو ملک میں واپس لانے کیلئے اقدامات کرے۔
عطا تارڑ نے کہا کہ فرح گوگی کے پاس 32 کروڑ روپے کی منی ٹریل نہیں ہے اور انہیں متحدہ عرب امارت سے واپس لایا جائے تاکہ وہ کرپشن کے الزامات کا سامنا کریں۔
یاد رہے کہ پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان نے پریس کانفرنس میں کہا تھا کہ فرح گوگی بے قصور ہے، اس کے خلاف کاروائی صرف اس لئے کی جا رہی ہے کیونکہ وہ بشریٰ بی بی کی دوست ہے۔