شیخ رشید کو گھر میں نظر بند کئے جانے کا امکان، عمران خان کو بھی وارننگ

7  مئی‬‮  2022

وفاقی وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ نے کہا ہے کہ اگر شیخ رشید نے خونی لانگ مارچ کا بیان واپس نہ لیا تو اسے گھر سے نکلنے نہیں دوں گا۔

لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے  رانا ثنا اللہ نے کہا کہ عمران خان فرخ گوگی کے وکیل بنے ہوئے ہیں، عمران خان نے ایمنسٹی اسکیم بھی فرح گوگی کیلئے رکھی تھی، گوگی پر الزامات کی انکوائری ہو رہی ہے اس کے بعد کارروائی کی جائے گی، اسے بیرون ملک سے ریڈ وارنٹ کے ذریعے بھی واپس لانا پڑا تو لائیں گے، عثمان بزدار تو صرف نام کا وزیراعلیٰ تھا، اصل میں تو فرح گوگی تھی۔

رانا ثنا اللہ نے کہا کہ عمران خان لوگوں اور کارکنوں کو گمراہ کررہے ہیں، انہیں بدتمیزی سکھا رہے ہیں۔ انہوں نے  عمران خان کو وارننگ دیتے ہوئے کہا کہ آخری مرتبہ کہنا چاہتا ہوں کہ اگر تم اس طرح کی حرکات سے باز نہ آئے تو جو تم کرو گے اس کا سامنا تم لوگوں کو بھی کرنا پڑے گا، اگر کہیں کسی کے ساتھ بد تمیزی ہوئی تو دوسرے کارکن بھی یہی کریں گے۔

رانا ثنااللہ نے کہا کہ تمہارے کارکنوں نے دوسرے سیاست دانوں کو برا بھلا کہا تو ہمارے کارکن تمہارے برگر یوتھیوں کی درگت بنادیں گے۔

شیخ رشید کے خونی لانگ مارچ سے متعلق بیان پر وزیر داخلہ کا کہنا تھا  کہ یہ لوگ اسی طرح انارکی پھیلانے کی کوشش کررہے ہیں، پنڈی کا شیطان ایک طرف تو کہتا ہے کہ جیل میرا سسرال اور ہتھکڑی زیور ہے، دوسری طرف ضمانتیں کرواتا پھرتا ہے، اس نے ہائی کورٹ سے ضمانت کیوں کروائی، تم کہتے ہو لانگ مارچ خونی ہوگا، اگر تم نے اپنا بیان واپس نہیں لیا اور اسے پرامن لانگ مارچ نہ کہا تو میں تمہیں گھر سے نکلنے نہیں دوں گا، حکومت کو یقین دہانی کراؤ کہ لانگ مارچ پر امن ہوگا۔

سب سے زیادہ مقبول خبریں






About Us   |    Contact Us   |    Privacy Policy

Copyright © 2021 Sabir Shakir. All Rights Reserved