بات توشہ خانے سے ہوتی ہوئی فرح گوگی تک جا پہنچی، وزیراعلیٰ پنجاب

7  مئی‬‮  2022

وزیر اعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز نے کہا کہ عمران نیازی اپنی پارسائی کے بہت دعوے کرتے تھے لیکن صاف چلی شفاف چلی والی بات توشہ خانے سے ہوتی ہوئی فرح گوگی تک جا پہنچی جبکہ ابھی رنگ روڈ اور اس سے آگے بھی بہت کچھ سامنے آئے گا۔

سرکٹ ہاؤس فیصل آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے حمزہ شہباز کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی نے نہ صرف اپنے دور حکومت میں پنجاب میں کرپشن کی بدترین تاریخ رقم کی بلکہ بیڈ گورننس اور کرپٹو کریسی کے ذریعے اداروں کا بھی بیڑا غرق کردیا جسے جنگی بنیادوں پر درست کرنے کیلئے اقدامات کئے جائیں گے ۔

پولیس و سول بیوروکریسی میں ایسے محنتی و ایماندار افسران کو آگے لایا جا ئے گا جو عوامی خدمت کے جذبے سے سرشار ہوں اور عوام کو فوری ریلیف کی فراہمی میں حکومت کی معاونت کرسکیں۔ وہ ہفتہ کی شام سرکٹ ہاؤس فیصل آباد میں پریس کانفرنس سے خطاب کر رہے تھے۔

اس موقع پر مسلم لیگ (ن) پنجاب کے صدر و وفاقی وزیر داخلہ رانا ثنااللہ خان بھی ان کے ہمراہ تھے۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب میں ایک ماہ سے گورنر کی ہٹ دھرمی کے باعث آئینی بحران چل رہاتھااور میں نہ مانوں کا سلسلہ بھی جاری تھا جس کے باعث ابھی تک اپنی کابینہ نہیں بناسکے۔

انہوں نے کہا کہ عمران نیازی خود کش بمبار بن کر سسٹم پر گرنا چاہتا ہے لیکن اب اسے ایسا کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ عمران نیازی نے اپنے چار سالوں میں معیشت اور بیڈ گورننس و کرپشن کے ذریعے ملک کا بیڑا غرق کردیا اور اسے 2400ارب روپے کا مقروض بنادیا۔حمزہ شہباز نے کہا کہ پنجاب میں گزشتہ چار سالوں میں جتنی کرپشن ہوئی ملکی تاریخ میں اس کی مثال نہیں ملتی۔

انہوں نے کہا کہ ہم انتقامی سیاست پر یقین نہیں رکھتے لیکن جس نے جو جو لوٹا اسے اس کا حساب تو دینا ہی ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ اگرچہ عمران نیازی کی ایما پر پنجاب میں سوا ماہ عجیب و غریب آئینی جنگ چلتی رہی لیکن جس دن سے انہوں نے حلف اٹھایا ہے وہ اسی دن سے دن رات متحرک اور عوام کو ریلیف کی فراہمی کیلئے کوشاں ہیں لیکن وہ جس حال میں صوبہ چھوڑ کر گئے تھے بزدار اور گوگی نے اس کی تباہی مچا کر رکھ دی ہے لیکن اب پھر وہ وہیں سے کام شروع کررہے ہیں جہاں سے چھوڑ کر گئے تھے۔

انہوں نے کہا کہ سیف سٹی کے تیس فیصد کیمرے خراب ہیں جس سے امن و امان کے مسائل پیدا ہورہے ہیں لیکن وہ ایسے افسر لیکر آرہے ہیں جونہ صرف اس بگاڑ اور تباہی کو ان کے ساتھ مل کر درست بلکہ عوام کی خدمت کیلئے دن رات ایک بھی کردیں گے۔ وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ ان کیلئے عوامی مفاد سب سے مقدم ہے لہٰذا وہ آئین و قانون کی پاسداری کرتے ہوئے سیاسی میدان میں اتحادیوں سے مل کر مخالفین کا مقابلہ کریں گے۔

سب سے زیادہ مقبول خبریں






About Us   |    Contact Us   |    Privacy Policy

Copyright © 2021 Sabir Shakir. All Rights Reserved