وفاقی وزیراطلاعات مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ آج کنٹینر پر کھڑے ہو کر جو کافر ہونے اور غداری کے فتوے بانٹ رہے تھے، وہ فتوے اس لئے بانٹے جا رہے تھے کہ کوئی ان سے ان کی چار سالہ کارکردگی کا نہ پوچھ لے۔
لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ عمران خان نے آج بھی ایک تقریر میں اپنے اندر کی غلاظت انڈیلی جو پاکستان کے عوام نے بھی دیکھی، اگر پاکستان کے نوجوانوں کی تربیت عمران خان کے ہاتھوں ہوئی تو والدین ابھی سے توبہ شروع کر دیں۔
انہوں نے کہا کہ جس قسم کی ذہنیت اور غلاظت وہاں سے آتی ہے میرا نہیں خیال کہ کوئی بھی والدین چاہیں گے کہ ان کے بچوں کی تربیت ایک ایسا شخص کرے جس کی اپنی تربیت میں کمی ہو۔ مریم اورنگزیب نے کہا کہ آج کنٹینر پر کھڑے ہو کر وہ کافر ہونے اور غدداری کے فتوے بانٹ رہے تھے،وہ فتوے اس لئے بانٹے جا رہے تھے کہ کوئی ان سے ان کی چار سالہ کارکردگی کا نہ پوچھ لے، چار سال انہوں نے پاکستان کے عوام کیلئے کیا کیا ہے؟ چار سال یہ اقتدار میں رہے اور صرف الزامات لگائے، اگر کسی نے غلط کام کیا تھا تو اس عرصے میں انہوں نے حساب کیوں نہیں لیا؟ عوام سوال کرتے ہیں کہ عمران خان نے ثبوت فراہم کر کے اپنے لگائے گئے الزامات کو ثابت کیوں نہیں کیا۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ عمران خان کو شہباز شریف کے وزارت عظمی کی کرسی پر پارلیمان اور عوام کے ذریعے بیٹھنے کا غم کھایا جا رہا ہے۔ مریم اورنگزیب نے کہا کہ آئینی طریقے سے ایک نااہل، چور اور کرپٹ وزیراعظم کو تحریک عدم اعتماد کے ذریعے گھر بھیجا گیا۔
انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کے کسی رکن نے شہباز شریف کو وزارت عظمی کے لئے ووٹ نہیں دیا، عمران خان کے اتحادی ان کی چوری، کرپشن اور جھوٹ بولنے کی وجہ سے انہیں چھوڑ کر گئے۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان نے اپنے چار سالوں میں مافیاز اور کارٹلز کے ساتھ مل کر آٹا، بجلی اور گیس، چینی اور گھی چوری کیا، نوجوانوں کو بے روزگار کیا۔
مریم اورنگزیب نے کہاکہ عمران خان کشکول لے کر در در پھرتے رہے، ان کے برعکس شہباز شریف کشکول توڑ کر دوست ممالک گئے کہ ہمیں پاکستان کے عوام کے لئے منصوبے چاہئیں، شہباز شریف نے آپ جیسے بھکاریوں کی طرح اپنے ملک کی عزت کو روندتے ہوئے ہاتھ نہیں پھیلائے، یہی آپ میں اور شہباز شریف میں فرق ہے۔
انہوں نے کہا کہ عمران خان نے کووڈ کے پیسے بھی نہیں چھوڑے، عوام کو رسوا کیا، ان کے پاس گھر کے کرایہ کے پیسے بھی نہیں چھوڑے، چار سال میں 16 فیصد مہنگائی کے ذمہ دار عمران خان ہیں، تمام بنیادی اشیائے ضروریات زندگی کی قیمتوں میں اضافے کے ذمہ دار عمران خان ہیں۔
مریم اورنگزیب نے کہا کہ عمران خان کو پتہ تھا کہ تحریک عدم اعتماد کامیاب ہو جائے گی اسی لئے وہ مارچ میں عوام پر مہنگائی اور قرضوں کا بوجھ چھوڑ کر گئے۔ چار سال کارٹلز اور مافیا عوام کو لوٹتے رہے جس کی وجہ سے بجلی کی قیمت 11 روپے یونٹ سے 24 روپے فی یونٹ ہوئی، گیس 600 روپے سے 1400 روپے، ڈی اے پی کی بوری 2600 سے 10000 روپے ہوئی۔
انہوں نے کہا کہ عمران خان نے چار سالوں میں 43 ہزار ارب روپے کا قرضہ لیا، 60 لاکھ لوگ بے روزگار ہوئے، دو کروڑ افراد غربت کی لکیر سے نیچے گئے، عمران خان عوام کے پاس مائیک لے کر جائو، آپ کے منہ پر طمانچے پڑیں گے، جو بوجھ عوام پر ڈالا ہے، اس کا جواب عمران خان کو دینا پڑے گا۔