پاکستان تحریک انصاف اور سابق وزیر اعظم عمران خان کے فوج مخالف بیانات پر قومی اسمبلی میں مذمتی قرار داد متفقہ طور پر منظور کرلی گئی ہے۔
تفصیلات کے مطابق یہ قرارداد مسلم لیگ ن کے رکن قومی اسمبلی مرتضیٰ جاوید عباسی نے پیش کی۔ اس سے قبل وزیر اعظم شہبازشریف نے قومی اسمبلی سے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا تھا کہ عمران خان کی زبان کو روکنا ہوگا ورنہ ملک مزید تقسیم ہوجائے گا۔
وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا تھا کہ عمران خان نے گزشتہ روز اپنے خطاب میں سراج الدولہ اور میر جعفر کا نام لے کر اداروں کو نشانہ بنایا، اس سے قبیح حرکت کوئی اور نہیں ہو سکتی۔ انہوں نے ادارے کے خلاف زہر اگلا یہ پاکستان کے خلاف سازش ہے۔ اگر اس کا راستہ نہ روکا گیا تو شام اور لیبیا کی صورت پیدا ہو سکتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ چیئرمین پی ٹی آئی نے جو کل بات کی وہ ہولناک ہے، عمران خان ملک میں عوام کے ذہنوں میں زہر کھول رہے ہیں، اب یہ نہ کھیلنے اور نہ کھیلنے دیں گے پر عمل کررہا ہے، اگر اسے نوٹس لے کر نہ روکا گیا تو پھر ملک مزید تقسیم درتقسیم ہوجائے گا، آئین و قانون کے مطابق اس زبان کو روکنا ہوگا۔