وزیرخزانہ مفتاح اسماعیل کی زیر صدارت ہونے والے اقتصادی رابطہ کمیٹی کے اجلاس میں مہنگائی سے پسے طبقے کے لیے گندم، چینی اورآتے کی قیمتوں پر نظر ثانی کی سمری منظور کرلی گئی ہے۔
ای سی سی اجلاس میں آٹے کے 20 کلوکے تھیلے کی قیمت 950 روپے سے کم کرکے 800 روپے، چینی کی قیمت 85 روپے سے کم کرکے 70 روپے فی کلو کرنے کی منظوری دی گئی۔اقتصادی رابطہ کمیٹی نے ویجیٹیبل گھی پر 190 روپے فی کلو سبسڈی دینے کی منظوری بھی دی۔اجلا س میں وزیراعظم ریلیف پیکج 2020ء کومئی اورجون تک توسیع دینے کے ساتھ ساتھ رمضان ریلیف پیکیج کے تحت یوٹیلیٹی اسٹورزپراشیائے ضروریہ کی فروخت جاری رکھنے کی اجازت بھی دی گئی۔
اجلاس میں پاسکواورپنجاب کو اضافی گندم خریدنے کی منظوری دی،اجلاس میں بتایا گیا کہ پاسکو نے 1اعشاریہ 20 ملین میٹرک ٹن اورمحکمہ خوراک پنجاب نے ساڑھے تین ملین میٹرک ٹن گندم خریداری کا ہدف حاصل کرلیا۔جب کہ پاسکو کو0.50 ملین میٹرک ٹن اور محکمہ خوراک پنجاب کو1 ملین میٹرک ٹن گندم خریداری کی اجازت دی گئی جس کے تحت پاسکو ساڑھے 28 ارب روپے اور محکمہ خوراک پنجاب کو 145 ارب 50 کروڑ روپے کی گندم خریدے گا۔
اجلاس میں گندم کی ملکی ضروریات کو مد نظررکھتے ہوئے 3 ملین میٹرک ٹن گندم درآمد کرنے کی بھی اجازت دے دی گئی۔جب کہ وفاقی محتسب سیکرٹریٹ کے لیے ضمنی گرانٹ بھی منظوری موخرکردی گئی۔