وفاقی کابینہ نے تین ملین ٹن گندم درآمد کرنے کی منظوری دے دی ہے۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس منعقد ہوا جس میں فواد اسد اللہ کو ڈی جی آئی بی اور ریئر ایڈمرل (ر) سلیمان کو کراچی شپ یارڈ کا ایم ڈی تعینات کرنے کی منظوری دی گئی۔ علاوہ ازیں اجلاس میں کابینہ نے تین ملین ٹن گندم درآمد کرنے کی بھی منظوری دی اور ممبر فنانس کو چیئرمین واپڈا کا اضافی چارج دے دیا۔
اجلاس میں وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے ملک بھر میں پانی کی قلت کا معاملہ اٹھادیا۔ بلاول کا کہنا تھا کہ پانی کی قلت کی وجہ سے عوام بالخصوص کسان مسائل کا سامنا کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پانی کی قلت کی ایک بڑی وجہ ارسا کی جانب سے صوبوں کو پانی کے جائز حصے کی فراہمی میں خلل ڈالنا ہے، انہوں نے تجویز دی کہ ملک میں ایک فوڈ سیکیورٹی ٹاسک فورس بنائی جائے تاکہ ہم ممکنہ غذائی بحران کا مقابلہ کرسکیں۔
یاد رہے کہ فلور ملز مالکان نے قیمتوں میں ممکنہ کمی کے سبب گندم کی خریداری اور آٹے کی پسائی کم کردی ہے، جس کی وجہ سے رسد اور طلب میں فرق بڑھنے کی صورت میں آٹا بحران پیدا ہونے کا خدشہ پیدا ہوگیا ہے۔