سابق وزیر اطلاعات فواد چوہدری کا الیکشن کمیشن کی جانب سے منحرف اراکین کیخلاف ریفرنس مسترد کرنے کے فیصلے پر ردعمل سامنے آیا ہے۔
ٹوئٹر پر جاری اپنے بیان میں فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ آج جس طرح کا فیصلہ الیکشن کمیشن نے کیا ایسے فیصلوں سےادارے تباہ و برباد ہو جاتے ہیں۔
جس طرح کا فیصلہ الیکشن کمیشن نے آج کیا ایسے فیصلوں سےادارے تباہ و برباد ہو جاتے ہیں ،جو ممبران سندہ ہاؤس میں نون لیگ کی پارلیمانی پارٹی میٹنگز میں شریک ہو رہے ہیں اپنے وزیر اعظم اور پارٹی چئرمین کیخلاف سازشوں کا کلیدی حصہ ہیں الیکشن کمیشن کہتا ہے نہیں وہ تحریک انصاف کا ہی حصہ ہیں
— Ch Fawad Hussain (@fawadchaudhry) May 11, 2022
انہوں نے کہا کہ جو ممبران سندھ ہاؤس میں ن لیگ کی پارلیمانی پارٹی میٹنگز میں شریک ہو رہے ہیں، اور اپنے وزیر اعظم اور پارٹی چیئرمین کیخلاف سازشوں کا کلیدی حصہ ہیں، ان کے متعلق الیکشن کمیشن کہتا ہے کہ نہیں وہ تحریک انصاف کا ہی حصہ ہیں۔
یاد رہے کہ آج الیکشن کمیشن پاکستان نے پاکستان تحریک انصاف کے 20 منحرف ممبران قومی اسمبلی کو ڈی سیٹ کرنے کا ریفرنس مسترد کر دیا ہے۔
علاوہ ازیں اپنے بیان میں فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ الیکشن کمیشن کافیصلہ متوقع تھا، یہ بات واضح ہو چکی تھی کہ کیا فیصلہ آ رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن کے اس فیصلے کو سپریم کورٹ میں چیلنج کریں گے اورچیف الیکشن کمشنر کے خلاف جوڈیشل کونسل میں ریفرنس بھی دائرکریں گے۔