پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے میں نے ایک ویڈیو ریکارڈ کی ہے، جس میں تمام غداروں کے نام لئے گئے ہیں۔
آج سیالکوٹ میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے سابق وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ میرے خلاف بند کمروں میں ملک سے باہر اور اندر سازش ہورہی ہے، چند دن پہلے مجھے علم ہوچکا ہے سازش ہورہی ہے کہ میری جان لے لی جائے گی، میں نے ویڈیو میں اس کی منصوبہ بندی کرنے والے سب کے نام لئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پچھلی گرمیوں سے میرےخلاف جو سازش ہوئی اور جو اس سازش میں ملوث ہیں، اس میں ایک،ایک کا نام لیا ہے۔
عمران خان کا کہنا تھا کہ اگر مجھے کچھ ہوا تو یہ ویڈیو قوم کے سامنے آئےگی تاکہ سارے پاکستانیوں کو پتہ چلےکہ کون کون ملوث تھا-
انہوں نے کہا کہ میں نے ویڈیو میں سب کے نام لئےہیں، کون کون میری حکومت گرانے میں ملوث تھے اور کون آگے یہ سب کرنے جارہے ہیں، لیاقت علی خان کے زمانے سے اب تک کوئی طاقتور مجرم نہیں پکڑا گیا، میں چاہتا ہوں کہ قوم کے سامنے سب کی شکلیں آئیں کہ کون کون سازش میں ملوث تھا۔
وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ بیرونی سازش اور ملک کے کرپٹ ٹولے کیساتھ اور کون لوگ اس سازش میں ملوث تھے، میں نے ان سب کے نام ویڈیو میں لئے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ میں نے ساڑھے تین سال میں پوری کوشش کی کہ جو30 سال سے ملک کو لوٹ رہے تھے ان کو سزائیں ہو، ان کے خلاف کارروائی ہو لیکن جو جو اس ملک کے طاقت ور عہدوں پر بیٹھے تھے، جنہوں نے انصاف کرنا تھا وہ کرپشن کو برا نہیں سمجھتے تھے، وہ طاقتور کی کرپشن کو کچھ نہیں سمجھتے، وہ تسلیم کر بیٹھے ہیں اس ملک میں طاقت ور لوگ چوری کریں گے تو انہیں کوئی نہیں پکڑے گا۔