وفاقی وزیر آبی ذخائر خورشید شاہ کہتے ہیں کہ پرامید ہوں پانی کی صورتحال بہتر ہورہی ہے، مگر تھوڑا وقت لگے گا، چشمہ لنک کینال کھول کر بہت بڑی زیادتی کی گئی، پنجاب بڑا بھائی ہے اسکو خیال رکھنا چاہئے۔
پریس کانفرنس کرتے ہوئے وفاقی وزیر آبی ذخائر خورشید شاہ نے کہا کہ پانی کی قلت پورے پاکستان میں ہے، چشمہ لنک کینال کو کھول کر بہت بڑی زیادتی کی ہے، پنجاب بڑا بھائی ہے اس کو خیال رکھنا چاہئے، اگر پنجاب طاقت کا استعمال کریگا تو یہ اچھی بات نہیں۔
ان کا کہنا ہے کہ پُرامیدہوں کہ پانی کی صورتحال بہتر ہورہی ہے مگر تھوڑا وقت لگے گا، سندھ کو چشمہ سے 75 ہزار کیوسک پانی کی کمی ہوئی ہے، 20 سے 33 ہزار کیوسک پانی کی شارٹیج کا سامنا ہے۔
خورشید شاہ نے کہا کہ پانی کی نگرانی کیلئے پرسوں ایک ٹیم روانہ کی ہے، جو پانی کی فراہمی کے حوالے سے رپورٹ دے گی۔انڈس ریور سسٹم اتھارٹی (ارسا) کے اراکین نے ایک روز قبل قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے آبی ذخائر سے پانی کی فراہمی کے انتظام پر ملاقات کی اور پوچھا تھا کہ سندھ کو 42 فیصد کم پانی کیوں فراہم کیا جارہا ہے۔
ارسا کی جانب سے فراہم کردہ اعداد و شمار کے مطابق چشمہ اپنے ڈیڈ لیول 638.15 فٹ کے قریب ہے، لنک کینال میں پانی کی موجودہ سطح 644.70 فٹ ہے، مئی میں پانی کا شارٹ فال 22 سال کی تاریخی سطح پر ریکارڈ کیا گیا۔ حکام کے مطابق پانی کی فراہمی میں پنجاب کو 53 فیصد جبکہ سندھ کو 65 فیصد کمی کا سامنا ہے۔