بینکنگ کورٹ لاہور میں شوگر ملز منی لانڈرنگ کیس کی سماعت ہوئی،عدالت نے شہباز شریف اور حمزہ شہباز کی ضمانت میں 11 دسمبر تک توسیع کر دی۔
شہباز شریف اور حمزہ شہباز بینکنگ کورٹ لاہور میں پیش ہوئے۔مسلم لیگ نون کے صدر نے عدالت کو بتایا کہ رمضان شوگر مل میرے والد کی تھی، میرا اس سے کوئی تعلق نہیں۔ میرے وزیراعلیٰ ہوتے ہوئے میرے بچوں کو اربوں کا نقصان ہوا۔ میں نے گنے کی قیمت کم نہیں کی تاکہ کسان کو نقصان نہ ہوا۔عدالت نے سوال کیا کہ کیایہ ان سب باتوں کا اس کیس سے کوئی تعلق ہے؟ جج نے کہا کہ آپ کی یہ باتیں پہلے ہی نوٹ کر چکے ہیں۔
عدالت نے ایف آئی اے سے سوال کیا کہ مقدمے کی عبوری رپورٹ سے متعلق کیا پیش رفت ہوئی؟۔
ایف آئی اے نے عدالت کو بتایا کہ ملزم عثمان ابھی شاملِ تفتیش نہیں ہوا، اس لیے تفتیش مکمل نہیں ہو سکی۔جج نے حکم دیا کہ عبوری ضمانت لینے والے ملزمان آج ہی ایف آئی اے کی انویسٹی گیشن جوائن کریں۔جج نے ایف آئی اے سے سوال کیا کہ کتنے دن میں ایف آئی اے چالان جمع کرائے گا دن بتائیں ۔ ایف آئی اے نے عدالت میں جواب دیا کہ انویسٹی گیشن مکمل ہوتے ہی چالان جمع کرا دیں گے۔ جج نے ریمارکس دیے کہ3 ہفتے کا وقت دے رہا ہوں بعد میں وقت نہیں ملے گا۔
بینکنگ کورٹ کے جج نے اپنے حکم میں کہا کہ آئندہ ایف آئی اے کو چالان پیش کرنے کے لیے کوئی مہلت نہیں ملے گی۔عدالت نے شہباز شریف اور حمزہ شہباز سمیت تمام ملزمان کی عبوری ضمانت میں 11 دسمبر تک توسیع کر دی۔
شوگر ملز منی لانڈرنگ کیس، شہباز و حمزہ کی عبوری ضمانت میں 11 دسمبر تک توسیع
20
نومبر 2021