وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ اگر عمران خان کو سندھ میں کسی سے خطرہ ہے تو بتائیں، ہم اس کے خلاف کاروائی کریں گے۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مراد علی شاہ کا کہنا تھا کہ ہم قانون کی پاسداری پر یقین رکھتے ہیں، عمران خان کو جس سے خطرہ ہے اس کا نام لیں ،اگر وہ خطرہ غلط ہوا تو عمران خان کیخلاف کارروائی ہو گی۔
انہوں نے کہا کہ ملک اس وقت شدید بحران میں ہے، معاشی بحران کی وجہ پچھلی حکومت کی نااہلی تھی ، پچھلے ساڑھے 3سال میں سندھ حکومت اور وفاق کے درمیان کوئی رابطہ بھی نہیں تھا،ان کامزید کہنا تھا کہ متحدہ قومی مومنٹ کے ساتھ معاہدے میں ایک اہم جزو بلدیاتی انتخابات ہے ، ہم خود بلدیاتی انتخابات کرانا چاہتے ہیں،مراد علی شاہ کا مزید کہنا تھا کہ صوبے کی ترقی کیلئے مل کر کام کرنا چاہتے ہیں تمام جماعتیں مل کر کام کریں گی۔
یاد رہے کہ سیالکوٹ جلسے سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان نے کہا تھا کہ بندکمروں کے اندر مجھے قتل کرنے کی سازش کی جا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ میں نے ویڈیو ریکارڈ کرا دی ہے، جس میں تمام سازشیوں کے نام موجود ہیں، اگر مجھے کچھ ہوا تو عوام اس ویڈیو میں نام لئے گئے افراد کا محاسبہ کریں۔