سابق دور حکومت میں پی ایس او اور اس کی ذیلی کمپنی کے منافع میں مجموعی طور پر 279 فیصد اضافہ

15  مئی‬‮  2022

رواں مالی سال میں پاکستان سٹیٹ آئل (پی ایس او) اور اس کی ذیلی کمپنی پاکستان ریفائینری لمیٹڈ (پی آر ایل) کے بعد از ٹیکس خالص منافع میں مجموعی طور پر 279 فیصد اضافہ ہوا ہے۔

اسلام آباد – (اے پی پی): کمپنی کے مالیاتی اعدادوشمار کے مطابق گزشتہ مالی سال کے پہلے نو ماہ میں پی ایس او گروپ کو مجموعی طور پر 18.3 ارب روپے بعد از ٹیکس آمدن ہوئی تھی تاہم جاری مالی سال کے اسی عرصہ میں کمپنی کی خالص آمدن مجموعی طور پر 69.3 ارب روپے تک بڑھ گئی۔

اس طرح گزشتہ مالی سال کے پہلے نو مہینوں کے مقابلہ میں رواں مالی سال میں اسی عرصہ کے دوران پی ایس او اور پی آر ایل کو مجموعی بعد از ٹیکس آمدن میں 51 ارب روپے یعنی 278.68 فیصد کا نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔ واضح رہے کہ گزشتہ مالی سال کے مقابلہ میں جاری مالی سال پی ایس او سیلز میں 22 فیصد شرح نمو رہی ہے تاہم شعبہ کی مجموعی بڑھوتری 13.6 فیصد رہی ہے۔

رپورٹ کے مطابق رواں مالی سال میں پی ایس او کے مارکیٹ شیئر میں بھی اضافہ ہوا ہے اور پٹرولیم مصنوعات کے شعبہ میں پی ایس او کا حصہ 48.3 فیصد کے مقابلہ میں 56.5 فیصد تک بڑھا ہے ۔ دوسری جانب گزشتہ مالی سال کے مقابلہ میں جاری مالی سال میں پی ایس او کی پٹرول، ہائی سپیڈ ڈیزل اور فرنس آئل کی فروخت بھی بالترتیب 15.5 فیصد، 26 فیصد، 22 فیصد زیادہ رہی ہے جبکہ اس عرصہ میں شعبہ کی شرح نمو بالترتیب 8.8فیصد ، 17.8 فیصد اور 13.9 فیصد ریکارڈ کی گئی ہے۔

سب سے زیادہ مقبول خبریں






About Us   |    Contact Us   |    Privacy Policy

Copyright © 2021 Sabir Shakir. All Rights Reserved