اسٹیبلشمنٹ کے متعلق چوہدری پرویز الٰہی نے عمران خان کو کیا مشورہ دیا؟

16  مئی‬‮  2022

اسپیکر پنجاب اسمبلی چوہدری پرویز الٰہی نے عمران خان کو مشورہ دیتے ہوئے کہا ہے کہ وہ اسٹیبلشمنٹ سے لڑائی کے بجائے اپنے سیاسی مخالفین پر تنقید کریں۔

امریکی نشریاتی ادارے کو دئیے گئے انٹرویو میں چوہدری پرویز الٰہی کا کہنا تھا کہ اسٹیبلشمنٹ کے نیوٹرل ہونے کا اندازہ اس بات سے کیا جا سکتا ہے کہ ایک وزیراعظم کے خلاف تحریک عدم اعتماد کامیاب ہو گئی، اسٹیبلشمنٹ نے اس دوران کوئی کردار ادا نہیں کیا، اسی لئے عمران خان کی حکومت ختم ہوگئی، اس لئے یہ کہنا کہ اسٹیبلشمنٹ جانبدار ہے تو یہ ٹھیک نہیں ہوگا، وہ نیوٹرل ہیں اور حکومتیں آزادانہ چل رہی ہیں۔

پرویز الہیٰ کا کہنا تھا کہ اسٹیبلشمنٹ کیساتھ عمران خان کے تعلقات ٹھیک کرانے کیلئے وہ کردار ادا کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ میری جب بھی عمران خان سے ملاقات ہوتی ہے، بات ہوتی ہے تو میں انہیں یہی کہتا ہوں کہ ہمیں اسٹیبلشمنٹ سے لڑائی نہیں کرنی بلکہ ہمارا ہدف ہمارے سیاسی مخالفین ہونے چاہئیں۔

یاد رہے کہ عمران خان نے جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہا تھا کہ جب مجھے سازش کا معلوم ہوا تو میں نے وزیر خزانہ شوکت ترین کو نیوٹرلز کے پاس بھیجا کہ انہیں جا کر بتائیں کہ بڑی مشکل سے ہم نے معیشت کو سنبھالا ہے، اگر سازش کامیاب ہو گئی تو ملک کو بہت نقصان ہو گا، لیکن ہم کچھ نہ کر سکے۔

سب سے زیادہ مقبول خبریں






About Us   |    Contact Us   |    Privacy Policy

Copyright © 2021 Sabir Shakir. All Rights Reserved