اقتصادی رابطہ کمیٹی نے مئی 2022ء کے پہلے پندرہ دن کے لیے پٹرولیم مصنوعات پر سبسڈی کی مد میں55.8 ارب روپے کی منظوری دے دی ہے۔
تفصیلات کے مطابق وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل کی زیرصدارت اقتصادی رابطہ کمیٹی کا اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں وفاقی وزیر برائے صنعت و پیداوار مخدوم سید مرتضیٰ محمود، وزیر مملکت برائے خزانہ و محصولات ڈاکٹر عائشہ غوث پاشا، وزیر مملکت برائے پٹرولیم مصدق مسعود ملک، وفاقی سیکرٹریز اور اعلیٰ افسران نے شرکت کی۔ پیٹرولیم ڈویژن نے آئل مارکیٹنگ کمپنیوں (او ایم سیز) اور ریفائنریز کے پرائس ڈیفریشیل کلیمز (پی ڈی سیز ) کی ادائیگی کے لیے سمری جمع کرائی۔
پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کو یکم مارچ 2022ء کو مطلع شدہ سطح پر مقرر رکھنے کے حکومت کے فیصلے کے تناظر میں حکومت کی طرف سے تیل کی مارکیٹنگ کمپنیوں، ریفائنریوں کو سبسڈی کے طور پر قیمت کا فرق ادا کیا جانا ہے۔ ای سی سی نے غور و خوض کے بعدمئی 2022ء کے پہلے پندرہ دن کے لیے او ایم سیز /ریفائنریوں کو پی ڈی سی کی تقسیم کے لیے 55.8 ارب روپے کی سپلیمنٹری گرانٹ کی منظوری دے دی۔
بین الاقوامی منڈی میں تیل کی قیمتوں کے مسلسل بڑھتے ہوئے رجحان کی وجہ سے، سبسڈی کی مقدار زیادہ ہے۔ وزارت صنعت و پیداوار نے یوریا کی درآمد سے متعلق سمری پیش کی اور پیش کیا کہ حکومت آئندہ مالی سال کے دوران یوریا کی سپلائی کے تسلسل کو یقینی بنانے کے لیے یوریا کھاد کے لیے بہتر سٹاک بنانے کا ارادہ رکھتی ہے اور درخواست کی کہ بین الاقوامی منڈی سے یوریا کی درآمد کی اجازت دی جائے تاکہ مقامی سطح پر استحکام کو یقینی بنایا جا سکے۔
ای سی سی نے بحث کے بعد ٹریڈنگ کارپوریشن آف پاکستان (ٹی سی پی) کو جی ٹوجی کی بنیاد پر اور موخر ادائیگی پر 2 میٹرک ٹن یوریا کی درآمد کے امکان کو تلاش کرنے کی اجازت دی۔