پاکستان تحریک انصاف کے منحرف اراکین کے متعلق سپریم کورٹ کے فیصلے پر سابق وزیراعظم عمران خان کا موقف سامنے آ گیا ہے۔
کوہاٹ میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کا کہنا تھا کہ لوٹوں کے خلاف فیصلے پر سپریم کورٹ کا شکریہ ادا کرتے ہیں، سپریم کورٹ نے پاکستان کی اخلاقیات کو گرنے سے بچایا ، ہم چوروں کو ملک پر مسلط نہیں ہونے دیں گے۔
عمران خان کا کہنا تھاکہ اللہ نے ہمیں یہ اجازت ہی نہیں دی کہ آپ نیوٹرل ہو جاؤ، بیچ کا کوئی راستہ نہیں۔
انہوں نے کہا کہ لوٹوں کے خلاف فیصلے پر سپریم کورٹ کا شکریہ ادا کرتے ہیں، عدالت عظمیٰ نے پاکستان کی اخلاقیات کو گرنے سے بچایا، جو لوگ ووٹ بیچتے ہیں وہ اپنے ووٹر، آئین اور جموریت سے غداری کرتے ہیں، شکر ہے سپریم کورٹ نے آج ان کے ووٹوں کو رد کردیا۔
انہوں نے کہا کہ حمزہ شہباز نے بھی بڑی دیر سے اچکن سلوائی، اب اچکن کو سنبھال کے رکھو، پنجاب میں مرغی کی قیمتیں بھی نیچے آجائیں گی۔
ان کا مزید کہنا تھاکہ سپریم کورٹ سے ایک اور درخواست ہے کہ شریف فیملی کے کرپشن کیسز آپ سنیں کیونکہ ایف آئی اے کو تباہ کردیا ہے، ایف آئی اے کو دو افسران کوہارٹ اٹیک ہوا اس پربھی سپریم کورٹ ایکشن لے، انہوں نے 2008ء سے 2018ء تک جو کرپشن کی، ان پر اربوں روپے کےکیسز ہیں، ہمیں اور کسی پر اعتماد نہیں، آپ شریف خاندان کے کرپشن کےکیسز سنیں۔
یاد رہے کہ آج سپریم کورٹ نے اپنے فیصلے میں واضح کیا کہ پارٹی سے منحرف رکن اسمبلی کا ووٹ شمار نہیں کیا جائے گا۔