کراچی کے علاقے کھارادر میں گذشتہ شب ہونے والے دھماکے کا مقدمہ تھانہ محکمہ انسداد دہشت گردی (سی ٹی ڈی) میں درج کرلیا گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق مقدمہ ایس ایچ او کھارادر کی مدعیت میں درج کیا گیا، جس میں دہشت گردی اور دھماکا خیز مواد رکھنے سمیت دیگر دفعات شامل کی گئی ہے۔
دوسری جانب تحقیقاتی کے مطابق تاحال دھماکے کی ذمہ داری کسی نے قبول نہیں کی، تاہم دھماکے میں دشمن ممالک کی ایجنسیز ملوث ہونے کو خارج ازامکان قرار دنہیں دیا جا سکتا۔
تحقیقاتی حکام کی جانب سے امکان ظاہر کیا جا رہا ہے کہ ممکن ہے دشمن ممالک کی ایجنسیز نے مقامی دہشت گردوں کا استعمال کر کے یہ کاروائی کی ہو۔بظاہر یہ معلوم ہوتا ہے کہ واقعے کی ذمہ داری جان بوجھ کر قبول نہیں کی گئی۔
تحقیقاتی حکام کے مطابق دھماکے میں پولیس کو نشانہ بنانے کی کوشش کی گئی، جس کے نتیجے میں خاتون شہری جاں بحق ہوئی، ماضی میں اولڈ سٹی ایریا میں بھی ایسی وارداتیں ہوچکی ہیں۔
حکام کے مطابق مواچھ گوٹھ دھماکے کی ذمہ داری بھی آج تک قبول نہیں کی گئی، اس واقعے میں بھی ذمہ داری قبول کئے جانے کا امکان نہیں۔
یادرہے کہ کراچی کے مصروف تجاری مرکز کھارادر میں ہونے والے دھماکے کے نتیجے میں ایک خاتون جاں بحق جبکہ 11 افراد زخمی ہوئے تھے جبکہ دھماکے سے کئی موٹر سائیکلوں اور پولیس موبائل کو نقصان پہنچا تھا۔