سعودی سفیر کی صدر مملکت سے ملاقات، باہمی تعلقات کو مزید وسعت دینے پر تبادلہ خیال

17  مئی‬‮  2022

صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ پاکستان اور سعودی عرب متعدد علاقائی اور عالمی امور پر ہم آہنگی رکھتے ہیں، دونوں ممالک کے مابین مختلف شعبوں میں اسٹریٹجک اور وسیع البنیاد شراکت داری کو مزید فروغ دینے کی ضرورت ہے۔

پاکستان میں سعودی عرب کے سفیر نواف بن سعید احمد المالکی نے ایوان صدر میں صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی سے ملاقات  کی، جس میں پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان مشترکہ مذہب، مشترکہ اقدار اور ثقافت پر مبنی دیرینہ برادرانہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کی خواہش کا اعادہ کیا گیا۔

صدر مملکت نے کہا کہ پاکستان سعودی عرب کے ساتھ اپنے تعلقات کو انتہائی اہمیت دیتا ہے جس نے ہمیشہ مشکل وقت میں پاکستان کا ساتھ دیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ دونوں ممالک متعدد علاقائی اور عالمی امور پر یکساں مؤقف رکھتے ہیں۔ انہوں نے دونوں برادر ممالک کے باہمی مفاد کے لیے سعودی عرب کے ساتھ مختلف شعبوں میں اسٹریٹجک اور وسیع البنیاد شراکت داری کو مزید فروغ دینے کی ضرورت پر زور دیا۔ تجارتی تعلقات کو مزید بڑھانے اور دونوں ممالک کے تاجروں اور چیمبرز آف کامرس کو باہمی تجارتی تعلقات کو مزید فروغ دینے کے لیے باقاعدگی سے بات چیت کرنے کی ترغیب دینے پر زور دیا گیا۔

صدر نے کہا کہ سعودی عرب میں 20 لاکھ سے زائد پاکستانی دونوں برادر ممالک کی ترقی اور خوشحالی میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔ اس موقع پر صدر مملکت نے خادم حرمین شریفین کے لئے نیک خواہشات کا پیغام بھی دیا اور کہا کہ پاکستانی عوام ان کی اچھی صحت اور درازی عمر کے لیے دعاگو ہیں۔

سب سے زیادہ مقبول خبریں






About Us   |    Contact Us   |    Privacy Policy

Copyright © 2021 Sabir Shakir. All Rights Reserved