بھارت کے ناظم الامور کی وزارت خارجہ میں طلبی، یاسین ملک کیخلاف من گھڑت الزامات عائد کرنے کی شدید مذمت

18  مئی‬‮  2022

پاکستان نے بھارتی حکام کی طرف سے حریت رہنما محمد یاسین ملک کے خلاف من گھڑت الزامات عائد کرنے کی شدید مذمت کی ہے۔

دفتر خارجہ کے ترجمان کی جانب سے جاری بیان کے مطابق بھارت کے ناظم الامور کو بدھ کو وزارت خارجہ میں طلب کیا گیا اور نئی دہلی کی تہاڑ جیل میں قید محمد یاسین ملک کے خلاف من گھڑت الزامات عائد کرنے پر پاکستان کی جانب سے شدید مذمت کرتے ہوئے ایک ڈیمارچ حوالے کیا گیا۔

بھارتی سفارت کار کو پاکستان کی اس شدید تشویش سے آگاہ کیا گیا کہ مقامی کشمیری قیادت کی آواز کو دبانے کے لیے بھارتی حکومت نے انہیں فرضی مقدمات میں پھنسانے کا سہارا لیا ہے، بھارت کشمیری قیادت پر جھوٹے الزامات لگانے کے مذموم ہتھکنڈوں اور ظلم و جبر سے کشمیریوں کی پرعزم جدوجہد کو ختم نہیں کرسکتا۔

بھارت کو پاکستان کی اس تشویش سے بھی آگاہ کیا گیاکہ محمد یاسین ملک 2019ء سے غیر انسانی حالات میں تہاڑ جیل میں ہیں، انہیں صحت کی مناسب سہولیات سے انکار اور ان کے ساتھ جو وحشیانہ سلوک کیا گیا اس کے نتیجے میں ان کی صحت بہت زیادہ گرگئی ہے۔ بھارتی ناظم الامور سے کہا گیا کہ بھارت کی حکومت کو یہ باور کرائے کہ وہ کشمیری قیادت کو غیر قانونی طور پر یرغمال بنانے اور ان کے بنیادی انسانی حقوق سے انکار کرنے کی بجائے مقبوضہ کشمیر میں ریاستی سرپرستی میں ہونے والی دہشت گردی کو فوری طور پر روکے، تمام سیاسی قیدیوں کو رہا کرے، انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کو روکیں، غیر انسانی فوجی محاصرہ ختم کریں اور کشمیری عوام کو اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی متعلقہ قراردادوں کے مطابق اپنے حق خود ارادیت کا استعمال کرنے دیں۔

پاکستان بھارتی حکومت سے یاسین ملک کو تمام بے بنیاد الزامات سے بری کرنے اور جیل سے فوری رہائی کا مطالبہ کرتا ہے تاکہ وہ اپنے خاندان سے مل سکیں، ان کی صحت بحال ہو اور معمول کی زندگی میں واپس آسکیں۔ ترجمان نے کہا کہ پاکستان عالمی برادری بشمول اقوام متحدہ اور متعلقہ انسانی حقوق کی تنظیموں سے بھی اپیل کرتا ہے کہ وہ بھارت کی طرف سے ایک سرکردہ کشمیری رہنما کے ساتھ کیے جانے والے غیر انسانی سلوک کا فوری نوٹس لیں، جو گذشتہ کئی کئی دہائیوں سے پرامن جدوجہد آزادی کی قیادت کررہے ہیں۔

سب سے زیادہ مقبول خبریں






About Us   |    Contact Us   |    Privacy Policy

Copyright © 2021 Sabir Shakir. All Rights Reserved