پاکستان کے متعلق عالمی برادری کا دہرا معیار، صدر مملکت کا بڑا بیان

18  مئی‬‮  2022

صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ پاکستان نے 40 لاکھ افغان مہاجرین کو پناہ دی، جبکہ مغربی ممالک مہاجرین کو اپنے علاقے میں داخل ہونے سے روکنے کیلئے بحیرہ روم میں ڈوبنے دیتے ہیں۔

 جناح کنونشن سنٹر میں نیشنل یوتھ کنونشن 2022ء سے خطاب کرتے ہوئے کرتے ہوئے صدر مملکت کا کہنا تھا کہ پاکستان کی جوہری طاقت پر مسلم دنیا کو فخر ہے، 1974 میں بھارت کے جوہری تجربے کے بعد پاکستان نے اپنی محنت اور کوششوں سے صرف 7 سال کے کم عرصہ میں جوہری صلاحیت حاصل کرلی جس کے ذریعے پاکستان نے دشمن کو فاصلے پر رکھا ہوا ہے جو کوئی چھوٹی کامیابی نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان قائد اعظمؒ اور علامہ اقبالؒ کے خوابوں کی تعبیر ہے جسے ترقی کی منازل سے ہمکنار کرانے کے لئے نوجوانوں کو اپنا کردار ادا کرنا چاہیے

ڈاکٹر عارف علوی نے دنیا کے دہرے معیار کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان نے گزشتہ 40 سال کے دوران 40 لاکھ افغان مہاجرین کو پناہ دی، مسلمانوں کی اقدار میں انسانوں سے ہمدردی کا جذبہ کارفرما ہے جبکہ مغربی ممالک مہاجرین کو اپنے علاقے میں داخل ہونے سے روکنے کے لئے بحیرہ روم میں ڈوبنے دیتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کو جب بھی کبھی قدرتی آفت یا آزمائش کا سامنا کرنا پڑا، پوری قوم نے حکومت کا انتظار کئے بغیر اس کا از خود مقابلہ کیا۔

انہوں نے کہا کہ 2005ء کے زلزلہ کے دوران قوم نے بے مثال کردار ادا کیا، پاکستان کی قوم اپنی تقدیر بدلنے کی بھر پور صلاحیت رکھتی ہے، قوم نے دہشت گردی کا سخت مقابلہ کیا، مادر وطن کے لئے پاک فوج کی قربانیوں پر فوج کو خراج تحسین کرتے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ ملک کی بقا اور دہشت گردی کو روکنے کے لئے فوج کا اہم کردار ہے۔ صدر مملکت نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں لوگوں کو مطالبہ حق خود ارادیت اور بھارت میں مسلمانوں سمیت اقلیتوں کو مظالم کا سامنا ہے لیکن دنیا نے اس سے چشم پوشی اختیار کررکھی ہے۔ صدر مملکت نے نوجوانوں کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ شاعر مشرق علامہ اقبالؒ اور قائد اعظم محمد علی جناحؒ نے جوریاست بنا کردی وہ آپ کے پاس امانت ہے۔ انہوں نے نوجوانوں سے کہا کہ وہ اپنے اندر یکجہتی پیدا کریں، قوم کو ان سے امیدیں وابستہ ہیں۔

انہوں نے کہا کہ آئی ٹی، سائنس و ٹیکنالوجی اور دیگر شعبوں میں تیز رفتار ترقی ناگزیر ہے، انہوں نے اس یقین کا اظہار کیا کہ پاکستان ایک ترقی یافتہ ملک بنے گا۔ انہوں نے کہا کہ اذہان کی ترقی کے نتیجے میں پاکستان دنیا کے ترقی یافتہ ممالک کی صف میں شامل ہوجائے گا، اخلاقیات کی بنیاد پر ورلڈ آرڈر صرف پاکستان لائے گا، پاکستان کا یہ اعزاز ہے کہ اس نے ایک مختصر مدت میں جوہری صلاحیت حاصل کی۔ صدر مملکت نے کہا کہ انسان اچھے گفتار کو پہچانتا ہے، نوجوانوں کو بات چیت کرنے کے قابل ہونا چاہئے، آپ ایک پراعتماد قوم ہے، نوجوان ملک کی تقدیر بدل سکتے ہیں، قوم کو نوجوانوں سے امیدیں وابستہ ہیں۔ صدر مملکت نے پاکستان کی یکجہتی کیلئے انسٹی ٹیوٹ کی خدمات کو سراہتے ہوئے اس کے عہدیداران کو مبارکباد دی۔

سب سے زیادہ مقبول خبریں






About Us   |    Contact Us   |    Privacy Policy

Copyright © 2021 Sabir Shakir. All Rights Reserved