وزیراعلیٰ بلوچستان عبدالقدوس بزنجو کیخلاف تحریک عدم اعتماد پر دستخط کرنے والے وزراء کو کابینہ سے فارغ کردیا گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق تحریک عدم اعتماد پر دستخط کرنے والے مشیر اور پارلیمانی سیکریٹری کو بھی فارغ کر دیا گیا ہے، اور اس کے متعلق وزیراعلیٰ نے ایڈوائس جاری کردی ہے۔
وزیراعلیٰ کی جانب سے فارغ کئے گئے صوبائی وزراء میں بی اے پی کے نوبزادہ طارق مگسی اور مٹھا خان، پی ٹی آئی کے مبین خان خلجی اور مشیر نعمت اللہ زہری، اے این پی کے ملک نعیم بازئی کو عہدوں سے ہٹا دیا گیا ہے۔ علاوہ ازیں پارلیمانی سیکریٹری شاہینہ کاکڑ کو بھی بلوچستان کابینہ سے فارغ کردیا گیا ہے۔
دوسری جانب چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان نے سردار یار محمدرند کو بھی پارلیمانی لیڈر کے عہدے سے ہٹا کر نصیب اللہ مری کو بلوچستان اسمبلی میں پی ٹی آئی کا پارلیمانی لیڈر مقرر کیا ہے جس کا نوٹیفکیشن بھی جاری کردیا گیا ہے۔