طالبان حکومت نے افغانستان میں ٹی وی نشریات کا حصہ بنانے والی خواتین کو نشریات کے دوران چہرے کو نقاب سے ڈھانپنے کا حکم دیا ہے۔
افغانستان کی وزارت امربالمعروف ونہی عن المنکر کی جانب سے جاری کئے گئے حکم میں کہا گیا ہے کہ اس کا اطلاق ملک بھر کے تمام میڈیا اداروں میں کام کرنے والی خواتین پر ہوگا۔ حکم نامے میں کہا گیا کہ یہ فیصلہ حتمی ہے اور اس میں کوئی تبدیلی نہیں کی جائے گی۔
یادرہے کہ اس سے قبل 7 مئی کو طالبان حکومت نے عوامی مقامات پر تمام خواتین کو مکمل برقع پہننے کا حکم دیا تھا۔ اس حوالے سے طالبان کے سپریم لیڈر ملا ہیبت اللہ اخوندزادہ کا کہنا تھا کہ خواتین عوامی مقامات پر سر سے پاؤں تک ڈھانپنے والا برقع پہنیں، کیونکہ سر سے پاؤں تک ڈھانپنے والا برقع روایتی اور محترم ہے۔
گزشتہ برس نومبر میں بھی طالبان نے ٹی وی ڈراموں اور فلموں میں اداکاراؤں کو دکھانے پر پابندی عائد کر دی تھی، اور خواتین رپورٹرز کو رپورٹنگ کے دوران حجاب پہننے کی ہدایت جاری کی گئی تھی۔