سابق وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید نے کہا ہے کہ ممکن ہے کل شہباز شریف، حمزہ شہباز اور رانا ثنا اللہ پر فرد جرم عائد ہو جائے۔
ملتان میں پاکستان تحریک انصاف کے جلسے کے آغاز سے قبل ائیر پورٹ پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شیخ رشید نے کہا کہ عمران خان کے خلاف غیر ذمہ دارانہ اور گندہ پلان بنایا گیا، کل عمر عطا بندیال نے زبردست سوموٹو ایکشن لیا، عمر عطا بندیال کے والد فتح خان بندیال میرے محسن ہیں۔
انہوں نے کہا کہ قمر جاوید باجوہ اور فیض حمید کو گالیاں دی گئیں، زندگی کی گارنٹی نہیں اور شہباز شریف ڈیڑھ سال کی گارنٹی مانگ رہا ہے، زرداری نے انہیں لکشمی چوک پر جوتے پڑوائے ہیں، آج ملک کے معاشی حالات کیلئے الیکشن ضروری ہو چکا ہے۔
شیخ رشید نے کہا کہ مجھے کہیں میں کل عمران خان کو اسی اسمبلی سے وزیراعظم منتخب کروا سکتا ہوں صرف ایک ووٹ کا فرق ہے، عمران خان کی درخواست پر پنجاب اسمبلی میں استعفیٰ دیں گے، عمران خان جو تاریخ دے گا ہم لانگ مارچ پر نکلیں گے۔
انہوں نے کہا کہ عمران خان کے ساتھ ہوں انہیں کہا تھا کہ گورنر راج یا ایمرجنسی لگا دیں آج بھی بھی کہوں گا کہ پنجاب اسمبلی سے استعفیٰ دو ورنہ گورنر راج لگاؤ ، عمران خان کو جنہوں نے بکرا بنایا وہ ساری زندگی پچھتائیں گے، ساری قوم عمران خان کے ساتھ ہے۔