چیئرمین پاکستان تحریک انصاف پی ٹی آئی عمران خان نے کہا ہے کہ 25 سے 29 مئی کے درمیان سب کو اسلام آباد بلاؤں گا۔
ملتان میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ آج ایک اہم پیش رفت ہوئی ہے،25 ارکان پنجاب اسمبلی ڈی سیٹ ہوئے ہیں، پشاور میں اپنی پارٹی کی کور کمیٹی سے مشاورت کے بعد اسلام آباد مارچ کی تاریخ پرسوں دوں گا۔ سب اپنی تیاری مکمل کر لیں آپ کو وقت مل گیا ہے۔
عمران خان نے کہا کہ انقلاب کے دوران تو گرمی ،سردی اور بارش کی پروا نہیں کرتے،مجھے یہ نہیں پتہ تھا کہ ہمارے اسکول کے بچے بھی نکلیں گے،پولیس والوں نے کہا کہ ہماری ڈیوٹی ہے لیکن ہمارے گھر والے آئیں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ سب سے بزدل بیوروکریسی ہوتی ہے،بیوروکریسی نے بھی کہا ہے کہ ہماری فیملیز بھی مارچ میں آئیں گی،آرمی اور ریٹائرڈ فوجی کے فیملیز بھی آئیں گی، اسلام آباد میں عوام کا سمندر آئے گا۔
چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ ملتان اب بات سیاست سے اوپر چلی گئی ہے،یہ و ہ انقلاب ہے جو پاکستانیوں کو ایک قوم بنا رہا ہے،ایک امریکی افسر کی کیا جرات ہے کہ وہ 22کروڑ پاکستانیوں کے وزیراعظم کو دھمکی دیں،اس نے کہا اگر عمران خان کو نہیں ہٹایا گیا تو تمہیں معاف نہیں کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ میں کہتا ہوں تم ہو کون جو معاف کرنے یا نہ کرنے والے،ہم اللہ کے سوا کسی کے آگے نہیں جھکتے تم ہو کون ہمیں دھمکی دینے والے؟
سابق وزیراعظم نے کہا کہ روس 3 فیصد کم قیمت پر گندم اور فضل الرحمان بیچنے پر تیار تھا، امریکا نے ہندوستان کو کہا کہ روس سے تیل نہ خریدو، ہندوستان کی غیرت مند خارجہ پالیسی ہے۔