سابق وزیراعظم میاں نواز شریف نے کہا ہے کہ ہم نے الیکشن کی تیاری کر رکھی ہے۔
لندن میں میڈیا سے گفتگو میں نواز شریف کا کہنا تھاکہ عمران خان نے پاکستان کی جو بربادی کی ہے، ملکی تاریخ میں اس کی کوئی مثال نہیں ملتی اور شاید آئندہ بھی اس کی مثال نہ ملے۔
انہوں نے کہا کہ عمران خان نے ہر شعبے میں جو تباہی کی، اس نے آئندہ کیلئے بہت گہرے اثرات چھوڑے ہیں۔
مسلم لیگ ن کے قائد کا کہنا تھا کہ میری آنکھیں پاکستان کو اس طرح تباہی کا شکار ہوتے ہوئے نہیں دیکھ سکتیں، میں یہ سمجھتا ہوں کہ تاریخ کا سب سے بڑا مجرم کوئی آیا ہے تو اس کا نام عمران خان ہے۔
ایک سوال کے جواب میں سابق وزیراعظم کا کہنا تھاکہ ہم نے تو کب سے الیکشن کی تیاری مکمل کر رکھی ہے، ضمنی الیکشن میں بھی انہی کے دور میں عمران خان کو ہرایا ہے اور اب بھی ہم ان کو ہرائیں گے۔
دوسری جانب مسلم لیگ نے کے ذرائع کا کہنا ہے کہ میاں نواز شریف نے پارٹی کو انتخابی اور نیب قوانین میں فوری اصلاحات کا حکم دیتے ہوئے جلد اسمبلیاں تحلیل کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔