وزیراعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز شریف نے سابق وزیر اعظم عمران خان کے مریم نواز سے متعلق نازیبا جملوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ ملک کی تمام خواتین کو اس گھٹیا سوچ کے خلاف کھڑا ہونا چاہیے۔
اپنے بیان میں وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ مریم نواز شریف کے بارے میں عمران نیازی کی بازاری سوچ قابل مذمت ہے، اخلاقیات، روایات اور سیاست کا جنازہ نکالنے کے بعد اب عمران نیازی خواتین پر حملے بھی کر رہا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ایسی بد زبانی ہمارے سیاسی کلچر کے طور پر بڑھانا نئی نسل کے لئے زہر قاتل ہے۔
مریم نواز شریف کے بارے میں عمران نیازی کی بازاری سوچ قابل مذمت ہے۔اخلاقیات،روایات اور سیاست کا جنازہ نکالنے کے بعد اب یہ خواتین پر رکیک حملے بھی کر رہا ہے۔تمام خواتین کو اس گھٹیا سوچ کے خلاف کھڑا ہونا چاہئے۔ایسی بدزبانی کو سیاسی کلچر کے طور پر بڑھانا نئی نسل کے لئے زہر قاتل ہے۔
— Hamza Shahbaz Sharif (@HamzaSS) May 20, 2022
حمزہ شہبازنے کہا کہ عمران نیازی ملک میں انارکی کے ساتھ غلیظ خیالات کی ترویج اور اخلاقیات کا جنازہ نکالنے پر بھی تلا ہوا ہے، خواتین کے بارے میں اس کے بازاری خیالات قوم کے سامنے ہیں۔
یاد رہے کہ ملتان میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کا کہنا تھا کہ مجھے سوشل میڈیا پر کسی نے مریم نواز کی ویڈیو بھیجی، جس میں وہ مسلسل میرا نام لئے جا رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اتنی دفعہ اور اس جذبے سے اور اس جنون سے میرا نام لیا کہ میں مریم کو کہنا چاہتا ہوں کہ مریم دیکھو تھوڑا دھیان کرو، کہیں تمہارا خاوند ہی ناراض نہ ہوجائے جس طرح تم بار بار میرا نام لیتی ہو۔