عمران خان کے امریکہ پر الزامات، وزیر خارجہ بلاول بھٹو کا امریکہ میں بڑا بیان

20  مئی‬‮  2022

بلاول بھٹو نے عمران خان کے امریکہ پر الزامات کو مسترد کر دیا ہے۔

وزیر خارجہ بلاول بھٹو نے کہا ہے کہ امریکی وزیر خارجہ سے ملاقات بہت مثبت، نتیجہ خیز اور حوصلہ افزا رہی،یہ ملاقات ایک اہم پہلا قدم تھا، پاکستان کو ہر سطح پر امریکہ کے ساتھ رابطے جاری رکھنے چاہئیں۔

بلاول بھٹو نے امریکہ میں غیرملکی خبر ایجنسی کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا کہ انٹونی بلنکن سے ملاقات میں خاص طور پر زراعت، آئی ٹی اور توانائی سے متعلق تجارت کو بڑھانے پر بات کی، پاکستان کو ہر سطح پر امریکا کے ساتھ رابطے جاری رکھنے چاہئیں۔

عمران خان کے امریکہ سے متعلق الزامات کے سوال پر وزیر خارجہ بلاول بھٹو نے عمران خان کے موقف کو مسترد کرتے ہوئے اسے ایک بڑے جھوٹ پر مبنی سازش قرار دیا۔

وزیر خارجہ بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ امریکہ کو افغانستان سے متعلق ماضی کی کشیدگی سے نکل کر آگے بڑھنا چاہئے، سابق وزیراعظم عمران خان کے دور میں برسوں رہنے والے کشیدہ تعلقات کے بعد اب دونوں ممالک ایک نئے دور میں داخل ہورہے ہیں، پاکستان اور امریکہ کو اب آگے بڑھ کر وسیع اور گہرے تعلقات بنانے چاہئیں۔

انہوں نے کہا کہ سابق وزیراعظم عمران خان کے دور میں پاکستان نے افغان طالبان کی حکومت کے ساتھ رابطہ کرنے پر دنیا پر زور دیا ، اور اب بھی پاکستان کا یہی موقف ہے۔ بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ اس چیز سے قطع نظر کہ ہم افغانستان میں حکومت کی تبدیلی کے بارے میں کیا سوچتے ہیں دنیا افغانستان کے لوگوں کو تنہا نہیں چھوڑ سکتی۔ وہاں فوری طور پر انسانی بحران اور تباہ ہونے والی معیشت پر توجہ دینے کی ضرورت ہے۔

انہوں نے کہا  کہ افغانستان کی معیشت کا مکمل طور پر بگڑ جانا افغانیوں، پاکستان اور عالمی برادری کے لئے تباہی کا باعث ہوگا۔ پاکستان طالبان پر اپنے وعدے پر عمل کرنے پر بھی زور دے رہا ہے جن میں افغانستان کو دہشتگردی کیلئے استعمال نہ کرنا، لڑکیوں اور خواتین کو تعلیم سے نہ روکنا اور جامع حکومت کی تشکیل شامل ہے۔

سب سے زیادہ مقبول خبریں






About Us   |    Contact Us   |    Privacy Policy

Copyright © 2021 Sabir Shakir. All Rights Reserved