وفاقی وزیر برائے ماحولیاتی تبدیلی سینیٹر شیری رحمان کی زیر صدارت عالمی حدت اور ہیٹ ویوز ٹاسک فورس کا اجلاس منعقد ہوا۔
اسلام آباد – (اے پی پی): اجلاس میں سیکرٹری اطلاعات و نشریات، این ڈی ایم اے کے حکام، صوبائی چیف سیکرٹریز اور محکمہ موسمیات کے عہدیداران شریک ہوئے۔ اجلاس میں ملک کے مختلف حصّوں میں جاری شدید گرم لہروں پر حکام نے بریفنگ دی۔
اجلاس میں بلوچستان میں آگ لگنے کے واقعات پر شدید تحفظات کا اظہار کیا گیا۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ آگ لگنے کے واقعات کی روک تھام کے لیے صوبوں کے درمیان مکمل ہم آہنگی وقت کی ضرورت ہے۔ ماحولیاتی تبدیلی سے متعلق عوامی آگاہی کا دائرہ کار بڑھایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان ماحولیاتی تبدیلی سے متاثر ہونے والے ملکوں میں شامل ہے۔ ماحولیاتی تبدیلی سے نمٹنے کے لیے موثر اور مربوط حکمت عملی ناگزیر ہے۔