وفاقی حکومت اور ٹیکسٹائل سیکٹر کے درمیان برآمدی صنعت کو دسمبر سے آئندہ 3 ماہ کے لیے ترجیحی بنیادوں پر نیچرل گیس کی بلاتعطل فراہمی کا معاہدہ طے پا گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان اپیرل فورم کے چیئرمین جاوید بلوانی نے بتایا کہ یہ معاہدہ جمعہ کو وزیر توانائی حماد اظہر کے ساتھ ہونے والے ورچوئل اجلاس میں طے پایا۔تاہم وزارت توانائی کی جانب سے معاہدے کا کوئی نوٹی فکیشن جاری نہیں کیا گیا ہے۔
جاوید بلوانی نے وزارت توانائی کو تجویز پیش کی کہ وہ برآمدات میں اضافے سے متعلق حکومتی پالیسی کے مطابق برآمدی صنعتوں کو گیس کی فراہمی کے لیے تمام ضروری اقدامات کی یقین دہانی کرائی جائے تاکہ پاکستان کی برآمدات میں اضافہ ہو سکے۔انہوں نے کہا کے اس حکمت علمی سے برآمدی صنعتوں کو نقصان نہیں اٹھانا پڑے گا اور صنعتوں کا پہیہ موسم سرما کی سہ ماہی کے دوران آسانی سے چلتا رہے گا جس سےبالآخر پاکستان کے لیے زیادہ قیمتی زرمبادلہ حاصل ہو سکے گا۔
ادارہ شماریات پاکستان کے اعداد و شمار کے مطابق ٹیکسٹائل اور ملبوسات کی برآمدات 26.55 فیصد اضافے کے ساتھ 6.02 ارب ڈالر تک پہنچ گئی ہیں جو رواں کے آغاز میں 4.75 ارب ڈالر تھی۔
ٹیکسٹائل سیکٹر میں کاروباری سال 22-2021 کے جولائی تا اکتوبرتک ریڈی میڈ ملبوسات کی برآمد کی قدر میں 22.34 فیصد اور مقدار میں 20.50 فیصد اضافہ ہوا۔
تمام صوبوں کےبرآمدی شعبے سے ایک کامیاب ملاقات کی۔ ملاقات میں انہیں یقین دہانی کروائی گئی ہے کہ موسمِ سرما کے دوران انہیں گیس کی فراہمی مستحکم رکھی جائے گی جس کے بدلے وہ بہت زیادہ گیس استعمال کرنے والے (Inefficient) نجی پاور پلانٹس کو بند کر کے national grid پر لائیں گے۔
— Hammad Azhar (@Hammad_Azhar) November 19, 2021
حماد اظہر نے سماجی روابط کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر کہا کہ تمام صوبوں کے برآمدی کنندہ گان کے ساتھ نتیجہ خیز اجلاس ہوا۔انہوں نے مزید کہا کہ اجلاس میں برآمدی صنعت کو موسم سرما کے دوران گیس کی بلاتعطل فراہمی کی یقین دہانی کرائی گئی ہے اور اس کے نتیجے میں ناقص گیس کیپٹیو پلانٹس بجلی پر منتقل ہو جائیں گے۔