بلوچستان کے ضلع مستونگ میں پیپلز پارٹی کے مقامی رہنما میر محمد خان ابابکی کی گاڑی پر فائرنگ کی گئی جس کے نتیجے میں 4 افراد جاں بحق اور 3 زخمی ہوگئے۔
جاں بحق افراد کی شناخت میر محمد خان ،رحمت اللہ،محمد سلیم اور یحیٰی کے ناموں سے ہوئی ہے جب کہ محمد قدیم ، لقمان اور نعمت اللہ زخمی ہوئے ہیں۔ جاں بحق اور زخمیوں کا تعلق مستونگ،کوئٹہ اور نوشکی سے بتایا جاتا ہے۔پیپلزپارٹی بلوچستان کی صوبائی قیادت نے ضلعی رہنما میر محمد خان ابابکی کی شہادت پر اظہار افسوس کیا ہے۔وزیراعلیٰ بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو نے ابابکی قبیلے کے سربراہ و سیاسی رہنما سردار زادہ میر محمد خان ابابکی پر نامعلوم افراد کی فائرنگ کے واقعہ کی مزمت کی ہے۔
وزیراعلیٰ بلوچستان نے ہدایت جاری کی کہ پولیس اور انتظامیہ اس کاروائی میں ملوث عناصر کی گرفتاری کے لئے ہر ممکن اقدامات کریں۔وزیراعلیٰ بلوچستان نے کہا کہ قبائلی تنازعات بھی امن کے قیام میں ایک بڑی رکاوٹ ہیں۔ امن کے قیام کے لیے قبائلی تنازعات کو صوبے کی دیرینہ روایات کے مطابق حل کیا جائے۔