افغان خواتین اینکرز سے اظہار یکجہتی، مرد اینکرز نے بھی ماسک پہن لیے

23  مئی‬‮  2022

افغانستان میں خواتین اینکر پرسنز سے اظہار یکجہتی کے لیے مرد اینکر پرسنز نے بھی اپنے چہروں کو ماسک سے ڈھانپ لیا ہے۔

اس سلسلے میں نجی ٹی وی چینل طلوع نیوز، الجزیرہ اور دیگر عالمی نشریاتی اداروں کے حوالے سے بتایا ہے کہ وزارت امر بالعمروف و نہی عن المنکر کی جانب سے دی جانے والی ڈیڈ لائن خاتمے پر جب خواتین اینکر پرسنز نے اپنے چہرے ڈھانپے تو ان سے اظہار یکجہتی کے لیے مرد اینکر پرسنز نے بھی ماسک پہن کر اپنے چہروں کو ڈھانپ لیا۔

واضح رہے کہ وزارت امربالمعروف و نہی عن المنکر نے چہرہ ڈھانپنے کے حکم پر عملدرآمد کے لیے اتوار کی ڈیڈلائن دی تھی۔

طالبان کے سپریم لیڈر ہبت اللہ اخونزادہ نے ماہ رواں کی ابتدا میں خواتین کے پردے سے متعلق فرمان جاری کیا تھا کہ خواتین اپنے چہروں کو مکمل طور پر ڈھانپیں اور روایتی نیلے رنگ کے ٹوپی والا برقعہ استعمال کریں۔

طلوع نیوز کے ڈائریکٹر خپلواک ساپئی نے کہا ہے کہ انہوں نے اتوار سے طالبان کے فرمان پر عملدرآمد شروع کر دیا ہے۔

اس ضمن میں طلوع نیوز سے تعلق رکھنے والی خاطرہ احمدی نے کہا ہے کہ میں چہرہ ڈھانپنے کے ساتھ صحیح طریقے سے نہ سانس لے سکتی ہوں اور نہ مناسب انداز میں اپنی بات پہنچا سکتی ہوں، آپ بتائیں کہ میں پروگرام کیسے کروں گی؟

خبر رساں ایجنسی کے مطابق پریزینٹر سونیا کا کہنا ہے کہ ذہنی طور پر ہم اس کے لیے قطعی تیار نہیں تھے، تین گھنٹے کے پروگرام میں چہرہ ڈھانپنا بہت ہی مشکل ہے۔

افغانستان کی وزارت امر بالمعروف و نہی عن المنکر کے ترجمان عاکف مہاجر کا اس سلسلے میں کہنا ہے کہ یہ ہمارا نہیں بلکہ اللہ کا حکم ہے، چہرہ ڈھانپنا پردے کا حصہ ہے۔

سب سے زیادہ مقبول خبریں






About Us   |    Contact Us   |    Privacy Policy

Copyright © 2021 Sabir Shakir. All Rights Reserved