امریکہ کی ایک یونیورسٹی کی تقریب تقسیم اسناد میں فلسطینی طلبا ءنے اپنے ملک کا پرچم لہرا کر احتجاج کیا جبکہ ایک طالبہ نے امریکی وزیر خارجہ انٹونی بلنکن سے مصافحہ کرنے سے انکار کردیا۔
عالمی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق واشنگٹن ڈی سی کی جارج ٹاؤن یونیورسٹی میں گریجویشن تقریب منعقد کی گئی، جس کے مہمان خصوصی وزیر خارجہ انٹونی بلنکن تھے جو اسٹیج پر کامیاب طلبا سے ہاتھ ملا رہے تھے اور انہیں مبارک باد دے رہے تھے۔
اسناد لینے والوں میں فلسطینی طلبا بھی شامل تھے جنہوں نے اپنے ملک میں اسرائیلی مظالم کے خلاف کے احتجاج کیلئےانوکھا طریقہ اپنایا۔ تقریباً 6 فلسطینی طلبا اپنا قومی پرچم ساتھ لائے تھے اور اسے ڈگری لیتے ہوئے لہرایا۔
اسی طرح ایک فلسطینی طلبہ نوران الحمدان اپنا قومی پرچم لہراتی اسٹیج پر آئیں اور ڈگری وصول کی، اسٹیج پر موجود افراد سے تو مصافحہ کیا لیکن جب امریکی وزیر خارجہ سے ملنے کی باری آئی تو طالبہ نے ہاتھ نہ ملایا اور کچھ سناتی ہوئی آگے بڑھ گئیں۔