وزیراعظم عمران خان کا سابق چیف جسٹس ثاقب نثار کی مبینہ آڈیو پر ردعمل میں کہنا ہے کہ ن لیگ کی تاریخ کو نہ بھولیں، یہ وہی لوگ ہیں جنہوں نے جسٹس (ر) قیوم سے اپنی مرضی کے فیصلے لکھوائے۔
تفصیلات کے مطابق آج پارٹی رہنماؤں اور ترجمانوں کے اجلاس میں وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ یہ ایک مافیا ہے جو ذاتی مفادات کیلئے ملکی اداروں اور شخصیات کو متنازع بنا رہا ہے۔
وزیراعظم کی زیر صدارت ہونے والے اجلاس میں ملک کی سیاسی اور معاشی صورتحال کا جائزہ لیا گیا، اجلاس کو ملک میں مہنگائی کی روک تھام کے اقدامات اور آئی ایم ایف پیکیج کے متعلق تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ وزیراعظم نے پارٹی رہنماؤں اور ترجمانوں کو عوامی رابطہ تیز کرنے کی ہدایت کی۔
وزیراعظم عمران خان نے پارٹی قیادت کو ووٹر لسٹوں پر کام کرنے کے علاوہ ای وی ایم کے متعلق عوامی خدشات دور کرنے کی ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ آئندہ انتخابات ہر صورت ای وی ایم پر کرائے جائیں گے۔