پاکستان اور روس کا دہشت گردی سمیت دیگر چیلنجز سے نمٹنے کیلئے دو طرفہ روابط میں وسعت پر اتفاق

22  ‬‮نومبر‬‮  2021

پاکستان اور روس نے بین الاقوامی دہشت گردی سے نمٹنے اور سلامتی کو درپیش دیگر چیلنجوں سے متعلق امور پر دوطرفہ رابطوں کو مزید وسعت دینے پر اتفاق اور اقوام متحدہ،ایس سی او سمیت دیگر اہم بین الاقوامی پلیٹ فارمز پر مشترکہ تشویش کے معاملات پر مل کر قریبی کام کرنے کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔

ان امور پر گفتگو اور اتفاق رائے بین الاقوامی دہشت گردی اور سلامتی کو درپیش دیگر چیلنجز سے نمٹنے کیلئے پاک روس  جوائنٹ ورکنگ گروپ کے نویں اجلاس میں پایا گیا۔

اسلام آباد – (اے پی پی): ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق روس پاکستان مشترکہ ورکنگ گروپ کا 9واں اجلاس پیر کو ماسکو میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں دونوں ملکوں کے اعلی حکام کے نمائندوں نے شرکت کی۔ روسی فیڈریشن کے خارجہ امور کے نائب وزیر اولیگ وی سیرومولوٹوف اور پاکستان کی وزارت خارجہ کے ایڈیشنل سیکرٹری نبیل منیر اجلاس کی مشترکہ صدارت کر رہے تھے۔

اجلاس کے دوران فریقین نے موجودہ چیلنجز، بین الاقوامی اور علاقائی امن و سلامتی کے لیے نئے ابھرتے ہوئے خطرات سمیت دہشت گردی و انتہا پسندی کے خلاف عالمی جنگ سے متعلق وسیع تر امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

پاکستان اور روس نے بین الاقوامی دہشت گردی کے خلاف ایک دوسرے کی کوششوں کو تسلیم کیا دونوں ممالک کے درمیان سیکیورٹی کو درپیش چیلنجوں سے نمٹنے کے لیے زیادہ تعاون کی ضرورت پر زور دیا اور انفارمیشن کے شعبے بالخصوص انٹرنیٹ پر دہشت گردی کے پروپیگنڈے کے پھیلاؤ کا مقابلہ کرنے اور غیر ملکی دہشت گرد جنگجوؤں پر قابو پانے سے متعلق اپنے عزم کی تجدید کا اعادہ کیا۔فریقین نے اس بات کو اجاگر کیا کہ دہشت گرد ذہنیت اور نظریات کا پھیلاؤ اور دہشت گردی کی نئی شکلوں کا ابھرنا ایک سنگین چیلنج ہے۔ دونوں ملکوں نے دہشت گردوں کی مالی معاونت کے انسداد پر بات چیت جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا۔

اس سٹرٹیجک ڈائیلاگ کے حصے کے طور پر روس اور پاکستان نے عالمی اور علاقائی دہشت گردی کے خطرات،بالخصوص افغانستان، مشرق وسطیٰ ، شمالی افریقہ اور وسطی اور جنوبی ایشیاء کی صورتحال کا تفصیلی لیا۔ روس اور پاکستان نے بین الاقوامی دہشت گردی سے نمٹنے اور سلامتی کو درپیش دیگر چیلنجز سے متعلق امور پر دو طرفہ را ہوں کو مزید وسعت دینے پر اتفاق کیا۔

سب سے زیادہ مقبول خبریں






About Us   |    Contact Us   |    Privacy Policy

Copyright © 2021 Sabir Shakir. All Rights Reserved