الیکشن کمیشن نے مشترکہ اجلاس میں ای وی ایم، اس کے اخراجات اور موجود ہ قوانین اور رولز پر عمل درآمد کے لیے تین کمیٹیاں تشکیل دے دیں ہیں۔
تفصیلات کے مطابق الیکشن کمیشن نے مشترکہ اجلاس میں قانون سازی کے بعد سیکرٹری الیکشن کمیشن کی سربراہی میں الیکٹرانک ووٹنگ مشینز(ای وی ایم) اور اوورسیز ووٹنگ ٹیکنیکل کمیٹی قائم کردی ہیں۔ کمیٹی کا مینڈیٹ انتخابی عمل میں ٹیکنالوجیز سے متعلق سفارشات تیار اور بین الاقوامی معیارات اور بہترین پریکٹیسز کی نشان دہی کرے گی۔ یہ کمیٹی اوورسیز پاکستانیوں کے ووٹ ڈالنے کے طریقہ کار اور عمل درآمد کے بارے میں رپورٹ دے گی۔الیکشن کمیشن کے ایڈیشنل سیکرٹری ایڈمن کی سربراہی میں ای وی ایم پر اخراجات سے متعلق قائم دوسری کمیٹی الیکٹرانک ووٹنگ مشین اور انٹرنیٹ ووٹنگ سسٹم کے بارے میں اخراجات کی رپورٹ اور مشینوں کی پائلٹ ٹیسٹنگ اور مشینوں کے استعمال کی بابت میکانزم الیکشن کمیشن کے سامنے رکھے گی۔
دوسری جانب وفاقی کابینہ نے الیکٹرانک ووٹنگ مشین (ای وی ایم) پر بین الوزارتی رابطہ کمیٹی قائم کر دی۔ وفاقی وزیر اطلاعات فواد چودھری نے کہا کہ قائم کی گئی کمیٹی کے سربراہ وفاقی وزیر سائنس و ٹیکنالوجی سینیٹر شبلی فراز ہوں گے، وفاقی وزیر اعظم سواتی، مشیر برائے پارلیمانی امور بابر اعوان اور اٹارنی جنرل خالد جاوید کمیٹی کے رکن ہونگے۔انہوں نے کہا کہ کمیٹی الیکٹرونک ووٹنگ مشین اور انٹرنیٹ ووٹنگ سے متعلق الیکشن کمیشن کی معاونت کریگی، انٹرنیٹ ووٹنگ پر بھی کمیٹی تشکیل دی گئی ہے۔