سری لنکا میں بدترین معاشی بحران کے باعث رواں برس وہاں کے مسلمان حج کی سعادت حاصل کرنے سے محروم رہیں گے۔
خلیجی جریدے کی رپورٹ کے مطابق سری لنکا کو آزادی کے بعد پہلی بار بدترین معاشی بحران کا سامنا ہ،ے جس کے باعث حکومتی منتظمین نے اعلان کیا ہے کہ رواں برس ملک کے مسلمان حج کی سعادت حاصل کرنے سے محروم رہیں گے۔
رپورٹ کے مطابق نیشنل حج کمیٹی نے ٹور آپریٹرز ایسوسی ایشن اور مسلم مذہبی اور ثقافتی امور کے محکمے سمیت کئی دیگر جماعتوں کی بات چیت کی جس کے بعد فیصلہ کیا گیا ہے کہ سری لنکا کے موجودہ معاشی حالات ٹھیک نہیں اس لیے کوئی بھی مسلمان حج نہیں کرسکے گا۔
حج ٹور آپریٹرز ایسوسی ایشن کے صدر سعید ایم رسمی نے اپنے بیان میں کہا کہ اس سال کے حج کو ترک کرنے کا فیصلہ مسلم کمیونٹی کے ارکان کی طرف سے ملک کی خاطر کیا گیا ہے تاکہ مشکل وقت میں قوم سے یکجہتی کا مظاہرہ کیا جاسکے۔
انہوں نے کہا کہ ملک کو اس وقت ملک میں ڈالر کے سنگین بحران کا سامنا ہے جس پر قابو پانے کیلئے زیادہ سے زیادہ غیر ملکی کرنسی کی ضرورت ہے۔ ہماری کوشش ہے مسلمان اس کٹھن وقت میں حکومت کا ساتھ دیں۔
قبل ازیں سعودی عرب نے 2022ء کیلئے سری لنکا سے ایک ہزار 585 عازمین کو حج کوٹے کی منظوری دی تھی۔