امریکی صدر پر طیارہ حملے کے خوف سے امریکی سیکیورٹی حکام میں کھلبلی مچ گئی، سیکیورٹی اہل کاروں نے جو بائیڈن اور ان کی اہلیہ کو فوراً ساحلی گھر سے محفوظ مقام پر منتقل کر دیا۔
تفصیلات کے مطابق ہفتے کو ایک چھوٹا نجی طیارہ غلطی سے نو فلائی زون میں داخل ہونے پر امریکی حکام میں کھلبلی مچ گئی، وائٹ ہاؤس نے کہا کہ طیارے نے صدر بائیڈن کے بیچ ہاؤس کے اوپر سے ممنوعہ فضائی حدود میں پرواز کی، جس پر اہل کاروں نے انہیں اور خاتون اول کو فوری طور پر محفوظ مقام پر منتقل کیا۔
واقعے کے بعد امریکی صدر جو بائیڈن کی حفاظت میں غفلت کی خبریں منظر عام پر آنے لگیں، جس پر وائٹ ہاؤس نے بتایا کہ ایک طیارہ اچانک نو فلائی زون میں داخل ہو گیا تھا، جس کے پیش نظر سیکیورٹی ادارے الرٹ ہو گئے۔
یہ واقعہ ڈیلاویئر کے ریہوبوتھ بیچ پر پیش آیا،جہاں امریکی صدر جو بائیڈن اپنی اہلیہ کے ہمراہ ساحل پر واقع گھر میں چھٹیاں گزار رہے تھے۔ وائٹ ہاؤس کے ایک اہلکار نے واقعے کے بارے میں بتایا ہےکہ صدر اور ان کی اہلیہ محفوظ ہیں اور ان پر کوئی حملہ نہیں ہوا ہے، جوبائیڈن اور ان کی اہلیہ جل بائیڈن بعد میں اپنی رہائش گاہ پر واپس آ گئے۔
امریکی صدر کی حفاظت پر مامور سیکرٹ سروس نے اپنے بیان میں کہا کہ یہ طیارہ غلطی سے نو فلائی زون میں داخل ہو گیا تھا، سیکرٹ سروس کے ترجمان انتھونی گوگلیلمی نے کہا کہ پائلٹ مناسب ریڈیو چینل پر نہیں تھا اور ہدایات پر عمل نہیں کر رہا تھا۔
امریکی خفیہ سروس کے مطابق مذکورہ پائلٹ سے اس واقعے کے بارے میں پوچھ گچھ کی جائے گی۔