وزیراعظم کی جاپانی کمپنیوں کے وفد سے ملاقات، مسائل فوری حل کرنے کیلئے کمیٹی قائم

6  جون‬‮  2022

 وزیراعظم شہباز شریف نے جاپانی کمپنیوں کو درپیش مسائل حل کرنے کیلئے ہنگامی بنیادوں پر کمیٹی قائم کردی۔

تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم شہباز شریف  سے اسلام آباد میں جاپانی کمپنیوں کے وفد نے ملاقات کی اور اپنے مسائل سے انہیں آگاہ کیا۔ جاپانی وفد میں پاکستان میں تعینات جاپان کے سفیر میتسوہیرو واڈا چاپانی کمرشل اتاشی اور تمام بڑے صنعتی و تجارتی شعبوں میں کام کرنے والی جاپانی کمپنیوں کے نمائندےموجود تھے، اور حکومت کی جانب سے وفاقی وزراء خرم دستگیر، مفتاح اسماعیل، مخدوم مرتضی محمود اور متعلقہ اعلی حکام نے شرکت کی۔

جاپانی کمپنیوں نے وزیر اعظم شہباز شریف کے ویژن کے تحت موجودہ حکومت کی کاروبار دوست پالیسیوں پر مکمل اعتماد کا اظہار کیا۔ وزیراعظم کی ہدایت پر پاکستان میں جاپانی کمپنیوں کو درپیش تمام مسائل حل کرنے کیلئے ہنگامی بنیادوں پر کمیٹی قائم کردی گئی۔

وزیراعظم نے ہدایت دی کہ  جاپانی کمپینوں کو درپیش تمام مسائل ایک ہفتے کے اندر حل کرکے رپورٹ پیش کی جائے، ایکسپورٹ  پراسیسنگ زونز کو ٹیکس فری کئے جانے کیلئے فوری اقدامات کئے جائیں۔

وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ حکومت جاپان کے ساتھ تعلقات کو مزید وسعت دینے کیلئے پرعزم ہے، جاپان کا شمار پاکستان کیلئے بڑے ڈونر ممالک میں ہوتا ہے، پاکستان میں گاڑیوں کی صنعت نے ہزاروں افراد کو روزگار فراہم کیا ہے، دونوں ممالک کے درمیان تجارت کے فروغ میں حائل رکاوٹیں دور کی جائیں گی۔

وزیراعظم نے کہا کہ جاپان نے پہلی جنگ عظیم کے بعد جس طرح ترقی کی وہ قابل تعریف ہے، جاپانی قوم نے انتھک محنت اور لگن سے ترقی کی منازل طے کی ہیں، جاپان کے لوگوں کے کاروباری اصولوں کے بلند معیار سے آگاہ ہوں، جاپان نے سیاسی وابستگی سے بالاتر ہو کر ہمیشہ پاکستان کی مدد کی، جاپان کا شمار پاکستان کے قریبی دوستوں میں ہوتا ہے، 90ء کی دہائی تک بہت سی جاپانی کمپنیاں پاکستان میں کام کر رہی تھیں، 2016 میں سوزوکی کمپنی کے ساتھ مثبت مذاکرات ہوئے، پاکستان میں گاڑیوں کی صنعت نے ہزاروں افراد کو روزگار فراہم کیا ہے، جاپان پاکستان میں اہم منصوبوں میں معاونت کر رہا ہے اور جاپان کی طرف سے گزشتہ سات عشروں میں 13 ارب ڈالر کی خطیر رقم پاکستان کو فراہم کی گئی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور جاپان کے تعلقات کو مزید وسعت دینے کیلئے پرعزم ہیں، تجارت کے فروغ کی راہ میں حائل رکاوٹیں دور کی جائیں گی۔

سب سے زیادہ مقبول خبریں






About Us   |    Contact Us   |    Privacy Policy

Copyright © 2021 Sabir Shakir. All Rights Reserved