اے آر وائی نیوز اور دیگر چینلز کے اشتہارات روکنے کے احکامات جاری کئے تھے، مریم نواز نے تسلیم کر لیا

24  ‬‮نومبر‬‮  2021

مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز نے آج اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے تسلیم کیا ہےکہ انہوں نے اے آر وائی نیوز، سماء نیوزاور 92 نیوز سمیت دیگر چینلز کے اشتہارات روکنے کے احکامات جاری کئے تھے۔

مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر سے جب پریس کانفرنس میں یہ سوال کیا گیا کہ سوشل میڈیا پر ایک آڈیو ٹیپ وائرل ہو رہی ہے جس میں آپ کچھ چینلز کے اشتہارات روکنے کے احکامات جاری کر رہی ہیں، اس پر آپ کا کیا ردعمل ہے۔ جواب میں مریم نواز کا طنز کرتے ہوئے کہنا تھا کہ میں یہ نہیں کہوں گی کہ میری مختلف آڈیوز کے ٹکڑے جوڑکریہ آڈیو بنائی گئی ہے، ان کا کہنا تھا کہ یہ میری ہی آواز ہے، میں اس وقت پارٹی کا سوشل میڈیا سیل چلا رہی تھی، جب میں نے یہ احکامات جاری کئے تھے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ میں اس موضوع پر مزید بات بھی کر سکتی ہوں کہ اس کی کیا وجوہات تھیں، لیکن فی الحال آج کے موضوع پر ہی سوالات کئے جائیں۔

یاد رہے کہ مریم نواز نے آج سابق چیف جسٹس پاکستان کی مبینہ آڈیو ٹیپ کے متعلق پریس کانفرنس  کی تھی جس میں ان کا کہنا تھا کہ سابق چیف جسٹس ثاقب نثار بتائیں کس نے آپ کو مریم اور نواز شریف کو سزا دینے پر مجبور کیا، انہوں نے کہا کہ اب بھی آپ کے پاس وقت ہے قوم کو بتا دیں کہ سچ کیا ہے۔

مسلم لیگ ن کی نائب صدر کے بیان کے بعد وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے کہا کہ مریم نواز نے بڑے چینلز کے اشتہارات کنٹرول کرنے کا اعتراف کیا ہے، یہ سنگین مالی بے ضابطگیوں کا ایک اور اعتراف ہے، کہتی ہیں میں پارٹی کا میڈیا سیل چلا رہی تھی،اس اعترافی بیان کے بعد امید ہے وہ اپنی اور خاندان کی بیرون ملک جائیدادوں کا اعتراف بھی کر لیں گی۔

سب سے زیادہ مقبول خبریں






About Us   |    Contact Us   |    Privacy Policy

Copyright © 2021 Sabir Shakir. All Rights Reserved