پاکستان کی پرامن احتجاجی مسلمانوں سے ہندوستانی حکام کے ناروا سلوک کی شدید مذمت

11  جون‬‮  2022

پاکستان نے بھارتی حکمران جماعت بی جے پی کے دو ارکان کے پیغمبر اسلام ﷺکے خلاف توہین آمیز بیانات پر نماز جمعہ کے بعد پرامن طور پر احتجاج کرنے والے مسلمانوں کے ساتھ ہندوستانی حکام کی جانب سے کئے گئے ناروا سلوک کی شدید مذمت کی ہے جس میں بھارت کی مختلف ریاستوں میں بھارتی حکام کی طرف سے طاقت کے اندھا دھند اور وسیع استعمال کے نتیجے میں رانچی شہر میں دو بے گناہ مسلمان مظاہرین شہید اور تیرہ دیگر شدید زخمی ہو گئے۔

اسلام آباد –  (اے پی پی): دفترخارجہ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق رانچی شہر میں نہتے مظاہرین پر بھارتی فورسز کی بلااشتعال فائرنگ کی فوٹیج خوفناک ہے جو یقین سے بالاتر ہے۔ صرف اتر پردیش میں اب تک کل 227 لوگوں کو گرفتار کیا گیا ہے۔یہ ہندوستانی حکومت کی جابرانہ ‘ہندوتوا’ سے متاثرپالیسی کی انتہا ہے جس کا مقصد اقلیتوں خصوصاً مسلمانوں پر بربریت اورظلم کرنا ہے۔پاکستان ہندوستانی حکومت کے ذریعہ ہندوستانی مسلمان شہریوں کے ساتھ اس شرمناک سلوک کی مذمت کرتا ہے اور اس آزمائش کی گھڑی میں ہندوستان کے مسلمانوں کے ساتھ اپنی یکجہتی کا اظہار کرتا ہے۔

یہ تشویشناک ہے کہ بی جے پی عہدیداروں کے توہین آمیز بیانات کی عالمی سطح پر مذمت کے باوجود ہندوستانی حکومت کا ردعمل خاموش ہے تو دوسری طرف بی جے پی آر ایس ایس کی حکومت اپنے اسلام فوبیا اقدامات پر ڈٹی ہوئی ہے اور اس نے شرمناک طریقے سے عوامی احتجاج کو سفاکانہ طریقے سے دبانے کا انتخاب کیا ہے۔ طاقت کا اندھا دھند استعمال،سنگین صورتحال اور فرقہ وارانہ تشدد کے شیطانی چکر کے تئیں ہندوستانی حکومت کی بے حسی ہندوستانی مسلمانوں کی مزید پسماندگی کا باعث بن سکتی ہے۔

پاکستان ایک بار پھر بھارت پر زور دیتا ہے کہ وہ اس بات کو یقینی بنائے کہ توہین آمیز بیانات دینےاور حضور نبی اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی شان میں گستاخی کرنے والے ذمہ داروں کے خلاف واضح کارروائی کی جائے۔عالمی برادری کو بھی بھارت میں اسلامو فوبیا کی سنگین صورت حال کا فوری نوٹس لینا چاہیے۔ اقلیتوں بالخصوص مسلمانوں کے حقوق کو سلب کرنے کے لیے ہندوستان کو جوابدہ بنایا جاناچاہیے اور اس بات کو یقینی بنانا چاہیے کہ ہندوستان میں رہنے والے مسلمانوں کو ان کے عقیدے اور مذہبی عقائد پر عمل کرنے کی وجہ سے نشانہ نہ بنایا جائے۔

سب سے زیادہ مقبول خبریں






About Us   |    Contact Us   |    Privacy Policy

Copyright © 2021 Sabir Shakir. All Rights Reserved