بلاول بھٹوکا او آئی سی کے سیکریٹری جنرل کو ٹیلی فون، بھارت میں اسلامو فوبیا کی کارروائیوں پر تبادلہ خیال

12  جون‬‮  2022

وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے اسلامی تعاون کی تنظیم (او آئی سی) وزرائے خارجہ کونسل کے سربراہ کی حیثیت سے اتوار کو اسلامی تعاون کی تنظیم (او آئی سی) کے سیکرٹری جنرل حسین ابرہیم طحہٰ سے ٹیلی فون پر بات چیت کی۔

اسلام آباد – (اے پی پی): یہ گفتگو بھارت میں حکمران جماعت کی طرف سے اسلاموفوبیا کی کارروئیوں خاص طور پر بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے دو سینئر عہدیداروں کی طرف سے پیغمبر اسلام ﷺکے خلاف توہین آمیزبیانات پر مرکوز رہی۔ وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ بی جے پی کے اعلیٰ عہدیداروں کے توہین آمیز بیانات نے دنیا بھر کے مسلمانوں کے جذبات کو شدید ٹھیس پہنچائی ہے۔

انہوں نے کہا کہ بی جے پی کی جانب سے وضاحت کی کوشش، اور ذمہ دار افراد کے خلاف تاخیر سے کی جانے والی ’انضباطی‘ کارروائی، مسلم دنیا کے درد اور اضطراب کو کم نہیں کر سکتے۔ انہوں نے تضحیک آمیز کلمات کے خلاف نماز جمعہ کے بعد پرامن احتجاجی مظاہروں کے دوران بھارتی حکام کی جانب سے ناروا سلوک کی بھی شدید مذمت کی جو کہ مسلمانوں پر بھارتی حکومت کے جاری ظلم و ستم کا تازہ ترین مظہرہے ۔

وزیر خارجہ نے او آئی سی اور اس کے رکن ممالک پر زور دیا کہ وہ ہندوستانی مسلمانوں کی جان، مال، عزت، جائیداد، ثقافت، ورثے اور مذہبی آزادیوں کے تحفظ کے لیے اپنی کوششیں تیز کریں۔ انہوں نے تنظیم پر زور دیا کہ وہ ہندوستان میں اسلامو فوبیا کی بگڑتی ہوئی صورتحال کا فوری نوٹس لے۔ او آئی سی کے سیکرٹری جنرل نے توہین آمیز بیانات اور بھارتی مسلمانوں پر تشدد کے مسلسل واقعات پرگہری تشویش کا اظہار کیا۔

او آئی سی کو اسلامو فوبیا کے بڑھتے ہوئے رجحان پر تشویش ہے اور اس سے نمٹنے کے لیے اجتماعی اقدامات اٹھانا ہوں گے۔ دونوں فریقوں نے اسلامو فوبیا پر اقوام متحدہ اور او آئی سی کی قراردادوں اور اعلانات کی یاددہانی کرائی اور ہندوستان میں اسلامو فوبیا کا مقابلہ کرنے اور ہندوستانی مسلمانوں کی تکالیف کو کم کرنے کی راہ تلاش کرنے کے لیے رابطے میں رہنے پر اتفاق کیا۔

سب سے زیادہ مقبول خبریں






About Us   |    Contact Us   |    Privacy Policy

Copyright © 2021 Sabir Shakir. All Rights Reserved