وزیراعظم عمران خان نےکہا ہے کہ اگر سندھ حکومت نے ذخیرہ اندوزوں کے خلاف موثر کاروائی نہ کی تو وفاقی حکومت مداخلت کر سکتی ہے۔
تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم عمران خان کو ملک میں گندم اور کھاد کے اسٹاک کے حوالے سے جائزہ اجلاس میں بریفنگ دی گئی کہ 6.6 ملین میٹرک ٹن سرکاری گندم کا اسٹاک دستیاب ہے۔ اجلاس میں گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ ملک میں اشیا ضروریہ کی کوئی قلت نہیں، ناجائز منافع خوری اور ذخیرہ اندوزی میں ملوث عناصر عوام دشمن ہیں، ان کے خلاف سخت کارروائی کی جائے، ان کھاد بنانے والوں کے خلاف کارروائی کی جائے جو مافیاز کے ساتھ مل کر مصنوعی قلت پیدا کر رہے ہیں جس کی وجہ سے قیمتیں بڑھ رہی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ یہ مافیا زصارفین کے مفاد کا خیال رکھنے کی بجائے ناجائزمنافع خوری میں مصروف ہیں، چینی کے شعبے کیلئے بنائے گئے ٹریک اینڈ ٹریس سسٹم کو کھاد کی صنعت کیلئے بھی استعمال کیا جائے۔اس موقع پر وزیراعظم نےکہا کہ اگر سندھ حکومت نے عوام دشمن مافیاز کے خلاف موثر کاروائی نہ کی تو وفاقی حکومت مداخلت کر سکتی ہے۔