سرکاری ٹی وی نے لاہور کی سول عدالت میں پاکستان کے سابق فاسٹ بولر شعیب اختر کیخلاف ہرجانے کا دعویٰ واپس لے لیا۔
ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے دوران سرکاری ٹی وی کے ایک پروگرام کے دوران میزبان سے تلخ کلامی کے بعد مستعفی ہونے پر سرکاری ٹی وی نے شعیب اختر کے خلاف 10 کروڑ 33 لاکھ روپے کا دعویٰ دائر کیا تھا۔تاہم اب سرکاری ٹی وی نے شعیب اختر کے خلاف لگائے گئے الزامات واپس لے لیے ہیں جس کے بعد عدالت نے کیس خارج کردیا۔
سرکاری ٹی وی کے وکیل نے بتایا کہ شعیب اختر سے صلح ہو گئی ہے۔ یاد رہے کہ سابق ٹیسٹ کرکٹر شعیب اختر نے کہا تھاکہ وفاقی وزیر برائے اطلاعات و نشریات فواد چوہدری نے سرکاری ٹی وی کو ان کے خلاف ہرجانے کا نوٹس واپس لینے کی ہدایت کی ہے۔خیال رہے کہ سرکاری ٹی وی کے میزبان ڈاکٹر نعمان نیاز اور قومی کرکٹ ٹیم کے سابق فاسٹ بولر شعیب اختر کے درمیان صلح ہوگئی ہے۔