مسلم لیگ نون کے صدر اور قومی اسمبلی میں قائدِ حزبِ اختلاف میاں شہباز شریف نے چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ کو خط میں مطالبہ کیا گیا ہے کہ ڈسکہ الیکشن چوری میں ملوث افسران کے خلاف کارروائی کی جائے۔
نہوں نے کہا کہ ڈسکہ الیکشن میں چوری میں ملوث افسران اور عملے کے خلاف قانونی کارروائی کرتے ہوئے پس پردہ رہ کر انتخابی دھاندلی کروانے اور غیرقانونی ہدایات دینے والے وفاقی اور صوبائی حکومت کے ذمہ داروں کو بے نقاب کیا جائے۔
قائد حزبِ اختلاف نے لکھا کہ میں الیکشن کمیشن سے مطالبہ کرتا ہوں کہ سیکشن 191 کے تحت ڈسکہ الیکشن میں ملوث پائے گئے افسران و عملے کے خلاف عدالت میں شکایات دائر کریں اور ملوث افراد کو قانون کے تحت سزا دی جائے۔ قائد حزب اختلاف نے الیکشن کمیشن کو خط میں یہ بھی لکھا کہ ضلعی حکام کو مجرمانہ عزائم کے تحت ہدایات جاری کرنے والوں کو پکڑا جائے۔انہوں نے مزید لکھا کہ سیاسی جماعتوں کی مشاورت سے رولز ، ضابطہ اخلاق اور الیکشن ایکٹ میں ترامیم کی جائیں تاکہ آئندہ ڈسکہ الیکشن جیسی بے ضابطگیاں نہ ہوں۔
یاد رہے کہ رواں سال 8 ستمبر الیکشن کمیشن آف پاکستان (ای سی پی) نے ڈسکہ میں رواں سال فروری میں ہونے والے ضمنی انتخاب کے دوران 20 پریذائیڈنگ افسران کے پراسرار طور پر لاپتا ہونے کے بارے میں دو انکوائری رپورٹس جاری کی تھیں۔
ای سی پی کی رپورٹ میں کہا گیا تھا کہ پولیس اور ضلعی انتظامیہ کے اعلیٰ حکام کو پہلے ہی اس بات کا علم تھا کہ کیا ہو رہا ہے اور انہوں نے منصوبہ بندی کے مطابق چیزوں کو ہونے دیا۔