فواد چوہدری نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی کے دور میں پہلی مرتبہ میرٹ پر بھرتیاں کی جا رہی ہیں، ہم ایسا نظام تشکیل دینا چاہتے ہیں جس سے شفافیت نظر آئے گی۔
فواد چوہدری نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پی ٹی آئی کے دور میں پہلی مرتبہ میرٹ پر بھرتیاں کی جا رہی ہیں، ہم ایسا نظام تشکیل دینا چاہتے ہیں جس سے شفافیت نظر آئے، میں2016 سے پی ٹی آئی کے ڈیجیٹل میڈیا کے معاملات دیکھ رہا تھا، پی ٹی آئی کا ڈیجیٹل میڈیا ریاست کے ڈیجیٹل میڈیا سے زیادہ مضبوط تھا،ہم نے ریاست کے میڈیا کو ڈیجیٹل شعبہ میں مضبوط بنانے کا منصوبہ شروع کیا ہے۔
وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری کا کہنا تھاکہ دنیا میں ہتھیاروں کے بجائے بیانیے کی جنگ لڑی جا رہی ہے، جس کا بیانیہ جتنا مضبوط ہوگا اتنی اس کی اہمیت ہوگی۔فواد چوہدری نے کہاکہ تاریخ سے پتہ چلتا ہے کہ جہاں پیسہ اور وسائل تھے وہاں قبضہ کرلیا جاتا تھا، ایسٹ انڈیا کمپنی نے آکر ہندوستان پرقبضہ کیا، پھر اس کمپنی کو واپس لوٹنا پڑا۔
فواد چوہدری نے بتایا کہ دوسری جنگ عظیم کے بعد عالمی قانون بنا، دنیا کی اخلاقیات تبدیل ہوگئی،امریکا نے افغانستان پرحملہ کرکے چند گھنٹوں میں حکومت ختم کردی تھی، پھر پورے افغانستان کا کنٹرول لےکر بھی امریکا اپنا مقصد حاصل نہیں کرسکا۔وفاقی وزیر نے کہا کہ ہتھیاروں کے ذریعے جنگ جیتنے کے بجائے بیانیہ حاوی ہوگیا ہے، بیانیےکی جنگ میں امریکا کوشکست ہوئی اور اسے افغانستان سے نکلنا پڑا، اب دنیا کو ایک مستحکم معاشرہ اور مستحکم نظام تشکیل دینا ہوگا۔انہوں نے کہا کہ دنیا کی بڑی لڑائیاں اب بیانیےسے لڑی جاتی ہیں، بیانیہ میں وہی فریق کامیاب ہوتا ہے جو اپنے دماغ کا بہترین استعمال کرتا ہے، بیانیے کے ذریعے ہی ہم اپنا موقف بہترطریقے سے پیش کرسکتے ہیں۔