سندھ میں مہنگائی سب سے زیادہ ہے، سائیں سرکار نے عوام کو مافیا کے رحم و کرم پر چھوڑ دیا، فرخ حبیب

26  ‬‮نومبر‬‮  2021

وزیر مملکت اطلاعات و نشریات فرخ حبیب نے کہا ہے کہ مہنگائی سب سےزیادہ سندھ میں ہے جبکہ سندھ حکومت نے عوام کو مافیا کے رحم و کرم پر چھوڑ دیا ہے

وزیر مملکت فرخ حبیب نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان کو عوام کی فکر ہے۔ دنیا بھر میں خوردنی تیل کی قیمتوں میں 100 فیصد سے زائد اضافہ ہوا لیکن حکومت عوام پر کم سے کم بوجھ ڈالنا چاہتی ہے اور ذخیرہ اندوزوں کے خلاف کارروائی ہو رہی ہے۔فرخ حبیب نے کہا کہ پیپلز پارٹی کی حکومت آئی ایم ایف کے پاس گئی تھی جبکہ پچھلے دور میں اربوں روپے سندھ کو این ایف سی ایوارڈ کی مد میں ملے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ سندھ میں 13 سال سے سائیں سرکار کی حکومت ہے اور سندھ حکومت آنکھیں بند کر کے ہاتھ پر ہاتھ رکھ کر بیٹھی ہے۔ سندھ حکومت نے صوبے کے عوام کو مافیا کے رحم و کرم پر چھوڑ دیا ہے اور سندھ کے علاوہ ہر صوبے میں ذخیرہ اندوزوں کے خلاف کارروائی ہوئی۔فرخ حبیب نے کہا کہ سندھ میں آٹے کا تھیلا ایک ہزار 450 روپے میں فروخت ہو رہا ہے جبکہ گزشتہ 3 سالوں میں ہمیں فرٹیلائزر کی ایک بھی بوری امپورٹ نہیں کرنی پڑی لیکن سندھ حکومت کی نااہلی کے باعث یوریا اسٹاک کیا جا رہا ہے اور سندھ حکومت میں ذخیرہ اندوزوں سے فائدہ اٹھانے والے بیٹھے ہوئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ شہباز شریف پی ڈی ایم کو اکٹھے کرتے پھر رہے ہیں، شہباز شریف کو چاہیے کہ پہلے ن لیگ کو اکٹھا کر لیں کیونکہ مریم نواز اور شہباز شریف میں اختلافات ہیں۔

انہوں نے کہا کہ وفاق نے سبسڈی کا ساڑھے 7 ارب روپیہ منظور کر لیا ہے اور پنجاب بھی سبسڈی میں اپنا حصہ ڈالنے کو تیار ہے لیکن سندھ حکومت نے وہاں بھی آنکھیں بند کی ہوئی ہیں کیونکہ سندھ حکومت کی پالیسی کسان دشمن ہے۔وزیر مملکت نے کہا کہ سندھ میں 11 ارب روپے کی گندم چوری ہو جاتی ہے اور بے شرمی سے کہتے ہیں چوہے گندم کھا گئے۔

مریم نواز پر تنقید کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ مریم صفدر نے وزیر اعظم ہاؤس کے اندر بیٹھ کر میڈیا کے اشتہارات بند کرائے اور مریم صفدر کی وجہ سے بہت سے صحافی بےروزگار ہوئے۔ آج میڈیا کھل کر حکومت پر تنقید کرتا ہے لیکن ہم نے کسی پر پابندی نہیں لگائی۔ یہ منافقت کا لبادہ اوڑھ کر میڈیا کی آزادی کی بات کرتے ہیں۔

سب سے زیادہ مقبول خبریں






About Us   |    Contact Us   |    Privacy Policy

Copyright © 2021 Sabir Shakir. All Rights Reserved